یرغمالیوں کی واپسی تک لڑائی بند نہیں کریں گے: اسرائیلی وزیردفاع

تاثیر،۲۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مقبوضہ بیت المقدس، 26اپریل:اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اس وقت تک لڑائی جاری رہے گی جب تک حماس اور فلسطینی دھڑوں کے ہاتھوں میں یرغمالیوں کی واپسی نہیں ہو جاتی۔ گیلنٹ نے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر کہا یرغمالیوں میں سے 133 کو اپنے وطن واپس جانا چاہیے۔ ہم لڑائی بند نہیں کریں گے۔ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے دوست ملکوں سے اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی ویب سائٹ (Ynet) نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ سیاسی اور سکیورٹی کابینہ کا اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے کی بات چیت کے بعد ختم ہوا۔ اس اجلاس میں حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے معاہدے کے خاکے پر غور کیا گیا۔ ویب سائٹ نے بتایا کہ تل ابیب میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والی اس ملاقات میں حماس پر دباؤ ڈالنے کے لیے ایک مضبوط فوجی بازو کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ فوجی ونگ منصوبہ بندی کے مطابق رفح میں آپریشن کرے گا۔دریں اثنا اسرائیل نے رفح پر فضائی بمباری تیز کردی۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کے انتباہ کے باوجود جنوبی غزہ کی پٹی میں واقع شہر رفح سے شہریوں کو نکالے گا اور ایک بڑا حملہ شروع کرے گا۔ غزہ میں صحت کے حکام نے جمعرات کو بتایا کہ اسرائیلی فضائی بمباری اور گولہ باری میں 34305 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔