یہ بھی ایک عظیم کار ثواب ہے

تاثیر،۲۹       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ایک طرف لوک سبھا انتخابات 2024 کو لے کر ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے، وہیں دوسری طرف کئی ریاستوں میں  شدید گرمی اور ہیٹ ویو نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اس کی وجہ سے پچھلے دو مرحلوں میں ووٹ کا فیصد بھی کافی متاثر ہوا ۔ ایسے میں ہندوستانی محکمہ موسمیات نے مشرقی بھارت میں یکم مئی تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔حالانکہ اس کے بعد  اس میں بتدریج کمی متوقع ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اگلے 5 دنوں کے دوران جنوبی بھارت میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔  فی الحال ملک میں کئی حصوں میں شدید اورہیٹ ویو بر قرار ہے۔ مغربی بنگال، اڈیشہ اور بہار اور سب ہمالیائی مغربی بنگال، رائلسیما، کونکن، اندرونی کرناٹک اور کیرالہ کے الگ تھلگ علا قے لو کی زد میں ہیں۔یہ صورتحال  15 اپریل سے اوڈیشہ اور 17 اپریل سے مغربی بنگال میں بر قرار ہے۔ کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، پڈوچیری، اور کرائیکل اور ساحلی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر گرمی اور نمی برقرا ر ہے۔  شمالی کرناٹک اور مشرقی اتر پردیش کے مختلف مقامات پر رات کو پڑ رہی ہے۔وسطی بھارت، شمالی میدانی علاقوں اور جنوبی بھارت کی کچھ ریاستوں میں گرمی کی لہر کئی دنوں تک بر قرار رہنے کی توقع ہے۔ ان ریاستوں میں گجرات، مہاراشٹر، شمالی کرناٹک، اڈیشہ، آندھرا پردیش اور مدھیہ پردیش شامل ہیں۔
  اِدھربہار کے لوگوں کو اگلے تین چار دنوں تک شدید گرمی اور ہیٹ ویب سے مہلت نہیں ملنے والی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں یکم مئی تک شدید گرمی اور گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ، نالندہ، شیخپورہ اور آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ گیا ہے۔اس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ گرمی سے بچاؤ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں کو گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اتر پردیش کے کئی شہروں میں میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کو پار کر گیا ہے۔ بلند شہر، پریاگ راج، بستی، وارانسی، سلطان پور، آگرہ اور جھانسی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ ریاستی محکمہ موسمیات نے ریاست کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس دوران ریاست کے کئی حصوں میں خشک گرم تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شدید گرمی کے امکان کے پیش نظر کیرالہ کے پلاکڈ ضلع کے لئے’’اورنج‘‘ الرٹ جاری کیا ہے۔بہار کے علاوہ مغربی بنگال میں بھی اگلے 4 دنوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کرناٹک کے اندرونی علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گوا میں بھی گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کرنے کی نوبت آ گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، 29 اپریل سے 3 مئی تک، پلاکڈ اور کولم اور تھریسور اضلاع میں درجہ حرارت بالترتیب 41 ڈگری سیلسیس اور 40 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ کے ایس ڈی ایم اے کا ماننا ہے کہ کوزی کوڈ ضلع میں درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مہنا ہے کہ ملک کی 23ریاستوں نے ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے بیچ ہی انتخابی جلسے جلوس منعقد کئے جارہے ہیں۔ ملک کے مختلف مقامات پر الیکشن ڈیوٹی کے لیے بڑی تعداد میں تعینات کرنے کارروائی بھی جا رہی ہے۔ اسی شدید گرمی کے دوران کروڑوں لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، اس لیے پہلے سے تیاری ضروری ہے۔ اگلے دو مرحلوں میں ووٹروں کو گرمی  اور ہیٹ ویب سے لڑنے کی چنوتی درپیش ہے۔حالانکہ چناؤ کے دوران وسطی بھارت اور مغربی بھارت میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر غریبوں اور مزدوروں کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہے۔ ہیٹ ویو کے دوران، زیادہ درجہ حرارت خطرے کا باعث بنتا ہے۔ یہ صحت کے سنگین مسائل کا سبب بن سکتا ہے، خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور پہلے سے موجود صحت کے مسائل میں مبتلا افراد میں۔ محکمہ موسمیات نے حکام سے کہا کہ وہ  اس صورتحال سے نمٹنے کے لئےمؤثر اقدامات کریں کیونکہ شدید گرمی بنیادی ڈھانچے جیسے بجلی اور نقل و حمل کے نظام پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔عوام کو بھی چاہئے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویب سے خود کو اور اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ ساتھ پاس پڑوس کے لوگوں کو بچنے کی ترغیب دیں اور جو بیمار پڑ جائیں ، ان کا فوری علاج شروع کرائیں۔اس سے پہلے احتیاطی تدابیر استعمال کرنے کے لئے سب کو صلاح دیں۔ یہ بھی ایک عظیم کار ثواب ہے۔
********