تاثیر،۴ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
وشاکھاپٹنم، 4 اپریل: دہلی کیپٹلز کے کپتان رشبھ پنت پر وشاکھاپٹنم میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف بدھ کو ٹاٹا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 میں میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
جمعرات کو آئی پی ایل کے ذریعہ جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا، ’’یہ دہلی کیپٹلس ٹیم کا سیزن کا دوسرا جرم تھا جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے تحت کم از کم اوور ریٹ کے جرائم سے متعلق ہے، لہٰذا پنت پر 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پلیئنگ الیون کے باقی ممبران بشمول امپیکٹ پلیئر پر انفرادی طور پر 6 لاکھ روپے یا ان کی متعلقہ میچ فیس کا 25 فیصد جو بھی کم ہو جرمانہ کیا گیا ہے۔‘‘
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں کے کے آر نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سنیل نارائن (39 گیندوں، 85 رن، 7 چوکے، 7 چھکے)، انگکریس رگھوونشی (27 گیندوں، 54 رن، 5 چوکے، 3 چھکے)، آندرے رسل (19 گیندوں پر 41 رن، 4 چوکے، 3 چھکے) اور رنکو سنگھ (8 گیندوں پر 26 رن، 1 چوکے، 3 چھکے) کی دھماکہ خیز اننگ کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 272 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
جواب میں دہلی کی ٹیم 17.2 اوور میں 166 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔ دہلی کے لیے کپتان رشبھ پنت (55) اور ٹرسٹن اسٹبس (54) نے عمدہ نصف سنچریاں کھیلیں۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی اور بلے باز ثابت قدمی سے نہیں کھیل سکا، 6 بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکے۔