تاثیر،۱۸ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آم کے باغات میں پھول آنے کے بعد اب پھل چھوٹے پھلوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں، درجہ حرارت میں اضافے کے باعث آم کے باغات میں نمی کی کمی ہے جسکی وجہ سے آم کے چھوٹے پھل مسلسل گر رہے ہیں، پھلوں کو بچانے کیلئے کاشتکار اپنے باغات میں مناسب نمی رکھیں اور ضروری ادویات کا سپرے بھی کریں، مذکورہ معلومات نارائن انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز، گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی جموہار کے اسسٹنٹ پروفیسر (فروٹ سائنس) ڈاکٹر کے کے مشرا نے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آم کے چھوٹے پھلوں کو گرنے سے روکنے کیلئے باغات میں مناسب ماحول برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، وقت پر مناسب دیکھ بھال نہ کرنے کی وجہ سے آم کے چھوٹے پھل گرنے لگتے ہیں، اسکے علاوہ جب پھل بڑا ہو جاتا ہے تو پھٹنا شروع ہو جاتا ہے یا نیچے کا حصہ کالا ہونے لگتا ہے، اس کی بڑی وجہ باغات میں نمی کی کمی ہے ۔ آم کے باغ کے قریب اینٹوں کے بھٹے ہونے اور باغ کی مٹی ریتیلی ہونے کی وجہ سے زمین میں نمی زیادہ دیر قائم نہیں رہتی، آم کے چھوٹے پھلوں کو گرنے اور پھٹنے سے روکنے کیلئے کاشتکار باغات میں مناسب نمی برقرار رکھیں ۔ ڈاکٹر مشرا نے بتایا کہ کاشتکار باغات کو دس دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں اور مناسب مقدار میں Imidacloprid، Hexaconazole اور Planofix ہارمون ادویات کا سپرے کریں ۔

