تاثیر،۱۳ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 13 اپریل :لوک سبھا انتخابات کا بگل بجنے کے بعد مہاوتی اور مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈر ریاست بھر میں میٹنگیں کر رہے ہیں۔ اور ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنے اور انکی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پالگھر کے دورے پر تھے۔ جہاں ٹھاکرے گروپ کی امیدوار بھارتی کامڈی کے لیے جلسے سے خطاب کے بعد ادھو ٹھاکرے نے پالگھر سے باندرہ تک لوکل ٹرین سے سفر کیا۔ اس حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
میٹنگ کے بعد ادھو ٹھاکرے کار سے بوئسر ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ اس وقت کارکنان کی بڑی بھیڑ ریلوے اسٹیشن پر جمع تھی۔ ٹھاکرے کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر ٹھاکرے کے ساتھ ایم پی سنجے راوت، ملند نارویکر بھی موجود تھے۔ کارکنوں نے لوکل میں سفر کرتے ہوئے زوردار نعرے لگائے۔

