تاثیر،۲۵ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بیگوسرائے، 25 اپریل:بہار کے بیگوسرائے میں نامعلوم پک اپ وین سے کچل کر دو سگی بہنوں کی موت کے بعد مشتعل لوگوں نے لاش کو این ایچ 31پر رکھ کر ہنگامہ کیا ہے۔ بعد میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو سمجھابجھا کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ سڑک گھنٹوں جام رہنے کے باعث دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ لکھن اوپی علاقے میں پیش آیا۔دونوں متوفی لڑکیوں کی شناخت لاکھوں پچپن ٹول رہائشی منیش کمار کی بیٹی روہی کماری اور روچی کماری کے طور پر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں خاندان کے رکن دنیش کمار نے بتایا کہ نامعلوم پک اپ وین کی زد میں آکر دونوں کی موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد لوگوں نے تقریباً دو گھنٹے تک سڑک جام کر دیا۔ تاہم بعد میں موقع پر پہنچے اہلکاروں نے پوسٹ مارٹم کے بعد ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد جام ہٹا یا گیا۔ دریں اثنا اس سلسلے میں صدر ڈی ایس پی سبودھ کمار نے بتایا کہ دوسگی بہنوں سڑک کو عبور کرتے ہوئے نامعلوم بے قابو پک اپ وین نے کچل دیا ، جس کی وجہ سے دونوں لڑکیوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد سڑک تقریباً 45 منٹ تک جام رہا۔