جگن موہن ریڈی پر حملے کو لیکر ممتا نےظاہر کیا افسوس

تاثیر،۱۴       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 14 اپریل: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی پر حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو مائیکروبلاگنگ سائٹ ایکس پر لکھا کہ وہ جگن موہن ریڈی جی پر حملے کی خبر سن کر حیران ہیں۔ میں ان کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتی ہوں۔آپ کو بتا دیں کہ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور وائی ایس آر سی پی کے سربراہ جگن موہن ریڈی ہفتے کی رات پتھر بازی میں زخمی ہو گئے تھے۔ جگن موہن ریڈی پر یہ حملہ اجیت سنگھ نگر میں ہوا۔ روڈ شو کے دوران پتھراو میں سی ایم ریڈی کی پیشانی پر چوٹ لگی ہے۔وجے واڑہ کے سنگھ نگر میں بس کے سفر کے دوران ایک نامعلوم شخص نے سی ایم جگن موہن ریڈی پر پتھر پھینکا۔ جگن کی بائیں آنکھ کے اوپر اس کی بھنویں پر معمولی چوٹ آئی ہے۔ اس دوران ڈاکٹروں نے بس کے اندر ہی ان کا علاج کیا اور اس کے بعد مہم دوبارہ شروع کی گئی۔