دربھنگہ اور اطراف میں عیدالفطر کا تہوار بحسن و خوبی اختتام پذیر

تاثیر،۱۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 13 اپریل:-ضلع بھر میں گزشتہ 11 اپریل کو عیدالفطر کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سے قبل رمضان المبارک کے مہینے میں مسلمان روزے رکھتے ہیں۔ اس دوران مسلمان خصوصی عبادات بھی کرتے ہیں۔ عید الفطر روزوں اور عبادتوں کی تکمیل کی خوشی میں منائی جاتی ہے۔ تمام مسلمان اس عید کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
عید الفطر اسلامی کیلنڈر کے مہینے شوال کے پہلے دن منائی جاتی ہے۔ یہ تہوار مسلمانوں کے لئے بہت خاص ہے اور نہ صرف بھارت میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں مسلمان عید کو بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ صبح ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد شہر سمیت دیہی علاقوں میں واقع مساجد اور عیدگاہوں پر پہنچی اور نماز ادا کی۔ نماز ادا کرنے کے بعد خطبہ ہوا پھر دعا ہویی۔ جس میں ملک و دنیا کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور امن کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔شہر میں زیادہ تر جگہوں پر سات ،ساڑھے سات میں عید کی نماز ادا کی گئی ۔موسم بھی صبح کے حصے میں خوشگوار تھا۔نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کے گلے لگا کر عید کی مبارک باد دی۔ عید کے اس مبارک موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطاب میں عید الفطر کی اہمیت، فضلیت کے علاوہ اتحاد و یکجہتی کے پیغام دیے۔ قلعہ گھاٹ میں واقع مدرسہ حمدیہ کے احاطے میں نمازیوں کی بھیڑ جمع ہو گیی۔دربھنگہ ٹاور چوک مسجد، ٹاؤن تھانہ مسجد،جھگڑوا مسجد،دمدمہ جامع مسجد،باقر گنج جامع مسجد، کرم گنج، چھوٹی قاضی پورہ مسجد، پیلی مسجد روہیلا گنج، لال مسجد قادر آباد، مفتی محلہ مسجد،گنگوارہ مسجد،سارا موہن پور، بازید پور شاہی عید گاہ ،اسمعیل گنج عید گاہ ،ملت کالج اور اس کے بغل والے میدان میں نیز مسجد نور میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی۔ اس دوران بچوں نے عیدگاہ کے قریب لگنے والے میلے سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ بڑے ،بوڑھے اور بچوں نے ایک دوسرے سے معانقہ کیا اور عید کی مبارکباد دی۔برادران وطن نے اپنے مسلم بھاییوں کو مبارکباد دی ۔دریں اثنا مختلف جگہوں پر عید ملن کابھی اہتمام کیا گیا۔