راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کو بڑی راحت ، سپریم کورٹ نے دی ضمانت

تاثیر،۲اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 2 اپریل: سپریم کورٹ نے دہلی ایکسائز اسکام کیس میں گرفتار عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کو ضمانت دے دی ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بنچ نے یہ حکم دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ سنجے سنگھ ضمانت کے دوران سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔سماعت کے دوران، عدالت نے ای ڈی کی طرف سے پیش ہونے والے اے ایس جی ایس وی راجو سے پوچھا کہ سنجے سنگھ 6 ماہ سے جیل میں ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی بتائے کہ اسے مزید جیل میں رکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ عدالت نے راجو سے کہا کہ وہ دوپہر 2 بجے تک اس پر ہدایات لے کر آئیں۔ 2 بجے کے بعد راجو نے کہا کہ انہیں سنجے سنگھ کو ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ جس کے بعد عدالت نے سنجے سنگھ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے 26 فروری کو ای ڈی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ سنجے سنگھ نے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔ 7 فروری کو دہلی ہائی کورٹ نے سنجے سنگھ کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔