ریزرو بینک نے مسلسل ساتویں بار ریپو ریٹ کو 6.50 فیصد پر برقرار رکھا

تاثیر،۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 05 اپریل : ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) نے مالی سال 2024-25 کے لیے پہلی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی ) کی جائزہ میٹنگ میں ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ مسلسل ساتویں بار، آر بی آئی نے پالیسی سود کی شرح ریپو ریٹ کو 6.50 فیصد پر رکھا ہے۔ ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کی وجہ سے نہ تو ہوم لون مہنگا ہوگا اورنہ ہی آپ کی ای ایم آئی بڑھے گی۔
آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے جمعہ کو یہاں 3 اپریل سے ہونے والی ایم پی سی کی جائزہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کے بارے میں بتایا۔ شکتی کانت داس نے کہا کہ مانیٹری کمیٹی نے ریپو ریٹ کو 6.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ 5-1 کی اکثریت سے کیا ہے۔ داس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ فیصلہ مہنگائی کی شرح میں استحکام اور معاشی سرگرمیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
شکتی کانت داس نے کہا کہ مرکزی بینک نے مالی سال 2024-25 کے لیے مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو سات فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔ نیز موجودہ مالی سال 2024-25 میں خوردہ افراط زر 4.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔
ریزرو بینک کے ایم پی سی کے چھ اراکین ہیں، جن میں بیرونی اور آر بی آئی دونوں افسران شامل ہیں۔ آئی بی آئی کے گورنر داس کے ساتھ ریزرو افسر راجیو رنجن قائم مقام ڈائریکٹر کے طور پر شامل ہیں، جبکہ مائیکل دیببرتا پاترا ڈپٹی گورنر ہیں۔ ششانک بھیڑے، آشیما گوئل اور جینت آر ورما بیرونی ممبر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک نے فروری 2023 میں ریپو ریٹ کو بڑھا کر 6.5 فیصد کر دیا تھا۔ اس سے پہلے، مئی 2022 سے مسلسل چھ بار پالیسی ریٹ ریپو ریٹ میں 2.50 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ آر بی آئی کی تین روزہ ایم پی سی میٹنگ 3 اپریل کو شروع ہوئی۔ یہ موجودہ مالی سال 2024-25 کا پہلا مالیاتی جائزہ اجلاس ہے جو ہر دو ماہ بعد منعقد ہوتا ہے۔