سرخیوں میں رہے اوجھا قتل معاملے میں دوبدمعاشوں کو عمر قید اور پانچ کو دس سال قید کی سزا

تاثیر،۲۲       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 22 اپریل: بہار میں سرخیوں میں رہے وشیشور اوجھا قتل معاملے میں آرہ عدالت نے دو مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اے ڈی جے -8 کی عدالت نے ہریش مشرا اور برجیش مشرا کو عمر قید اور 85-85 ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ان کے علاوہ دیگر پانچ مجرموں کو 10 سال قید اور 35 ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔9 اپریل 2024 کو عدالت نے قتل کے اس معاملے میں نامزد ملزمین برجیش مشرا اور ہریش مشرا سمیت سات ملزمین اوما کانت مشرا، ٹونی مشرا، بسنت مشرا، ہریندر سنگھ ، پپو سنگھ کو مجرم قرار دیا تھا، جبکہ چھ ملزمین کو بری کر دیا گیا تھا۔ برجیش مشرا اور ہریش مشرا حقیقی بھائی ہیں۔ عدالت نے اسے اس قتل کا مرتکب قرار دیا تھا۔ ان دونوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بی جے پی کے اس وقت کے ریاستی نائب صدر وشوشور اوجھا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔عدالت نے ہریش مشرا اور اس کے بھائی برجیش مشرا کو قتل ، اقدام قتل اور اسلحہ ایکٹ کے مقدمات کا مجرم قرار دیا۔