سندھیا کھلی جیپ میں سوار ہوکر پرچہ نامزدگی جمع کرانے پہنچے، دگ وجے سنگھ نے راج گڑھ میں داخل کیا پرچہ نامزدگی

تاثیر،۱۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 16 اپریل:مدھیہ پردیش میں تیسرے مرحلے میں نو پارلیمانی حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل جاری ہے۔ منگل کو نامزدگی کے عمل کے تیسرے دن راج گڑھ لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار دگ وجے سنگھ دوپہر کو اپنی بیوی امرتا کے ساتھ راج گڑھ کلکٹریٹ ا?فس پہنچے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس سے پہلے وہ اپنی بیوی کے ساتھ جلپا ماتا کے مندر پہنچے اور پوجا ارچنا کی۔ وہیں مرکزی وزیر اور گنا-شیو پوری سیٹ سے بی جے پی امیدوار جیوترادتیہ سندھیا بھی کھلی جیپ میں شیو پوری میں کلکٹریٹ پہنچے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی صدر وی ڈی شرما، لال سنگھ آریہ وغیرہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔اس سے پہلے منگل کی صبح جیوترادتیہ سندھیا ٹیکری میں ہنومان مندر پہنچ کر پوجا ارچنا کی اور بجرنگ بلی کے دربار میں متھا ٹیکا۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ا?ج ہم سب خطے، ریاست اور ملک کی ترقی کے لیے اور عوامی خدمت کا عہد لے رہے ہیں۔ آج وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔اس کے بعد وہ کاروں کے قافلے کے ساتھ گنا سے شیو پوری کے لیے روانہ ہوئے۔ راستے میں مختلف مقامات پر لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا۔ سندھیا دوپہر دو بجے کے قریب شیو پوری پہنچے۔ سندھیا کا روڈ شو گنا بائی پاس سے شروع ہوا۔ اپنے حامیوں کے اصرار پر سندھیا کھلی گاڑی میں سوار ہوئے۔ ہر جگہ ان کا استقبال کیا گیا۔ شیو پوری میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد پولو گراونڈ میں ایک بہت بڑا جلسہ ہوگا۔