تاثیر،۳ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
فرید آباد، 3 اپریل: نوح تشدد کا ملزم بٹو بجرنگی کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ اس ویڈیو میں بٹو بجرنگی اور اس کے ساتھی ایک نوجوان کو بے دردی سے پیٹ رہے ہیں۔ کچھ نوجوانوں نے نوجوان کے دونوں ہاتھ اور ٹانگیں پکڑی ہوئی ہیں اور بٹو بجرنگی اس پر ڈنڈے برسا رہاہے۔وائرل ویڈیو میں یونیفارم پہنے ایک پولیس اہلکار بھی بٹو بجرنگی کے ساتھ کھڑا نظر آرہا ہے۔
دراصل، وائرل ویڈیو 1 اپریل پیر کو فرید آباد شہر میں بجرنگ فورس کے قومی صدر بٹو بجرنگی کے گھر کے باہر کا بتایا جاتا ہے۔ ویڈیو میں مارے گئے نوجوان کا نام شیام ہے اور وہ یوپی کا رہنے والا ہے۔ وہ کچھ عرصے سے فرید آباد شہر کے سُرور پور علاقے میں کرائے کے کمرے میں رہ رہا ہے۔ معلومات کے مطابق نوجوان پر الزام تھا کہ وہ پڑوس میں رہنے والی دو معصوم لڑکیوں کو ٹافی کا لالچ دے کر اپنے کمرے میں لے گیا۔ آس پاس کے لوگوں نے دونوں لڑکیوں کو لے جاتے وقت اسے دیکھ لیا تھا۔ اس کے بعد لوگوں نے اسے قابو کر لیا۔
لوگوں کو شبہ تھا کہ ملزم لڑکیوں کو ٹافی کا لالچ دے کر ان کے ساتھ کچھ غلط کر سکتا ہے۔ اطلاع کے بعد بجرنگ فورس کے کارکنان وہاں پہنچے اور شیام کو اپنے ساتھ سنجے انکلیو ہل کالونی میں بجرنگ فورس کے قومی صدر بٹو بجرنگی کے گھر لے گئے۔ ان کے پیچھے بچیوں کی ماں بھی وہاں پہنچ گئی۔ وہاں پہلے بچیوں کی ماں نے ملزم شیام کی ڈنڈے سے پٹائی کی ۔ اس کے بعد بٹو بجرنگی خود اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اسے پکڑواکر نہ صرف لات- گھونسے بلکہ ڈنڈے سے مارتے بھی نظر آ رہا ہے۔
نوح تشدد کا ملزم بٹو بجرنگی کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہر میں کئی چرچے شروع ہو گئے ہیں۔ پولیس ترجمان صوبے سنگھ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سارن پولیس اسٹیشن نے بٹو بجرنگی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ وائرل ویڈیو جیسے ہی اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آیا، شیام کی شکایت پر یہ معاملہ درج کیا گیا، جبکہ شیام کے خلاف بھی نابالغ لڑکی کے والد کی شکایت پرسارن پولیس اسٹیشن نے مقدمہ درج کیا ہے۔ دونوں معاملوں کی تفتیش جاری ہے۔