تاثیر،۱اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،یکم اپریل : کانگریس پارٹی کو بڑی راحت ملی ہے۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ انکم ٹیکس کی ازسرنو تشخیص کے تازہ نوٹس کے سلسلے میں انتخابات کے وقت کانگریس پارٹی کے خلاف کوئی احتیاطی کارروائی نہیں کرے گی۔مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس بی وی ناگرتھنا کی سربراہی والی بنچ سے کہا کہ یہ الیکشن کا وقت ہے ، اس لیے وہ اس رقم کی وصولی کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔سماعت کے دوران عدالت نے مہتا سے پوچھا کہ کیا وہ ان کی طرف سے بھیجے گئے ڈیمانڈ نوٹس کو ملتوی کر رہے ہیں۔ تب مہتا نے کہا کہ نہیں ، ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ فی الحال ہم انتخابات تک کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔ کیس کی سماعت جون کے دوسرے ہفتے میں کی جائے۔سماعت کے دوران کانگریس کے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی نے سالیسٹر جنرل کی دلیل پر کہا کہ کیس کی سماعت اگست کے مہینے میں ہونی چاہیے ، تب تک محکمہ انکم ٹیکس کو کوئی کارروائی نہیں کرنی چاہیے۔

