تاثیر،۲۷ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ، 27 اپریل: مرکزی حکومت نے چھ ممالک کو 99,150 میٹرک ٹن پیاز برآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ چھ ممالک بنگلہ دیش ، متحدہ عرب امارات ، بھوٹان ، بحرین ، ماریشس اور سری لنکا ہیں۔صارفین ، خوراک اور عوامی تقسیم کی مرکزی وزارت نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش ، متحدہ عرب امارات ، بھوٹان ، بحرین ، ماریشس اور سری لنکا کو 99,150 میٹرک ٹن پیاز برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مرکزی ایجنسی نیشنل کوآپریٹو ایکسپورٹ لمیٹڈ (این سی ای ایل) ان ممالک کو پیاز برآمد کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت ہند نے مشرق وسطیٰ اور کچھ یورپی ممالک کی برآمدی منڈیوں کے لیے 2000 میٹرک ٹن خصوصی طور پر اگائے گئے سفید پیاز کو برآمد کرنے کی اجازت بھی دی ہے۔
وزارت کے مطابق، مہاراشٹر، ملک میں پیاز کا سب سے بڑا پیدا کنندہ ہونے کے ناطے، این سی ای ایل کے ذریعے برآمد کے لیے پیاز کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے۔ تاہم ، مرکزی حکومت نے ربیع سیزن -2024 میں پیاز کے بفر اسٹاک کے لیے اس سال 5 لاکھ میٹرک ٹن صارفین کے امور کی وزارت کے پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے تحت خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پیاز کی برآمد پر پابندی 2023-24 میں کم خریف اور ربیع کی فصلوں کی پچھلے سال کے مقابلے میں پیش گوئی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مانگ میں اضافے کے پس منظر میں مناسب گھریلو دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے۔