مظفر نگر حادثے میں 19 مزدوروں کو نکالا گیا، دو ہلاک

تاثیر،۱۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مظفر نگر، 15 اپریل: اتر پردیش کے مظفر نگرمیں ایک عمارت گرنے کے بعد جاری بچاؤ اور امدادی کاروائی پیر کی صبح ختم ہو گئی۔ 15 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس کاروائی میں 19 مزدوروں کو ملبے سے نکالا گیا۔ حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہو گئی، جب کہ 17 مزدوروں کو بچا لیا گیا ہے۔میرٹھ زون کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈی کے ٹھاکر نے کہا کہ ملبے میں دبے لوگوں کو بچانے کے لیے این ڈی آر ایف-ایس ڈی آر ایف سمیت کئی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ اتوار کی شام شروع ہونے والا آپریشن پیر کی صبح ختم ہوا جب تمام کارکنوں کو باہر نکال لیا گیا۔ جس کے بعد ملبے تلے کوئی مزدور نہ دبے ہونے کی تصدیق ہوئی اور امدادی کاروائی ختم کردی گئی۔مقامی پولیس انتظامیہ کے ساتھ این ڈی آر ایف ٹیمیں رات بھر آپریشن میں مصروف رہیں۔ اس موقع پر اے ڈی جی میرٹھ زون کے علاوہ ڈی آئی جی سہارنپور اجے کمار ساہنی، ایس ایس پی ابھیشیک سنگھ، ضلع مجسٹریٹ اروند ملپّا بنگاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈاکٹر سنجیو بالیان، کابینہ وزیر انل کمار اور بھارتیہ کسان یونین لیڈر چودھری راکیش ٹکیٹ بھی رات گئے موقع پر پہنچ گئے۔ضلع انتظامیہ کو اطلاع ملی ہے کہ عمارت میں کل 19 افراد موجود تھے۔ 17 مزدور محفوظ ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ دو مزدوروں کی موت ہو گئی ہے۔