تاثیر،۱۴ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور:14/ اپریل( پریس ریلیز)آئین ساز بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 133 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انصاف منچ کے بینر تلے دیوان روڈ کے واقع ایک میریج ہال میں امبیڈکر کے خوابوں کا ہندوستان: ہم اور موجودہ لوک سبھا انتخابات کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سیمینار کی مقرر خصوصی اپوا کی قومی جنرل سکریٹری اور سی پی آئی-ایم ایل پولیٹ بیورو کی رکن مینا تیواری نے کہا کہ امبیڈکر کا تذکرہ آج اور بھی زیادہ ضروری اس لیے ہے کہ آج آئین اور جمہوریت خطرے میں ہے۔ مودی کہہ رہے ہیں کہ امبیڈکر بھی آجائیں تو آئین کو تباہ نہیں کیا جا سکتا۔ مودی کا یہ متکبرانہ رویہ شرمناک ہے۔ مودی مشنری آہستہ آہستہ آئینی اداروں کو تباہ کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کمزور ہو چکا ہے۔ حکومت کی خواہش کے مطابق کام ہو رہا ہے۔بی جے پی اپنے منشور کے ذریعے یکساں سول کوڈ کو لاگو کرنے کی بات کر رہی ہے۔ جب کہ انہیں کبھی کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر قبائلی برادری ان کے خلاف ہو جائے گی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، لیکن آج سچائی یہ ہے کہ بی جے پی ملک کے آئین کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم سب کو اس کے خلاف متحد ہو کر آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو فیصلہ کن بنانا ہو گا۔اس کے لیے لوک سبھا انتخابات میں انڈیا الائنس کے امیدواروں کے حق میں مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ فاشسٹ بی جے پی اور این ڈی اے جو کہ آئین اور جمہوریت کے خلاف ہے، کو شکست دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے منشور میں نہ تو باعزت روزگار کا کوئی ذکر ہے اور نہ ہی کسانوں کے لئے کوئی روڈ میپ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ایک ایک کر کے ملک کے اداروں کو خراب کر رہے ہیں۔ ان کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ یہ لوگ ای ڈی، سی بی آئی، سی وی سی یا محکمہ انکم ٹیکس کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن لیڈروں اور پارٹیوں کو ڈرا رہے ہیں۔حکیم مظفر اجمل حسین نے کہا کہ ہمیں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی سوانح حیات اور ان کے بنائے ہوئے آئین کی حفاظت کا عہد کرنا ہو گا اور ان کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کا عہد کرنا ہو گا۔ فاشسٹ مودی حکومت کے خلاف اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہمیں گھر گھر جا کر آمرانہ حکومت کے عوام دشمن قوانین کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ سیمینار کی نظامت انصاف منچ کے سورج کمار سنگھ نے کی جبکہ اپوا کی قومی جنرل سکریٹری مینا تیواری، حکیم مظفر اجمل حسین، ایڈوکیٹ اشوک کمار سنگھ، ایڈوکیٹ للیتیشور مشرا، انصاف منچ مظفرپور کے ضلعی صدر فہد زماں، اسلم رحمانی، نیلکمل اور پروفیسر امتیاز وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع محمد نوشاد، سریش ٹھاکر، وجے گپتا، اعجاز احمد اور شفیق الرحمان وغیرہ بھی موجود تھے۔

