ملک کے آئین کو ختم کرنے کی منشا پالنے والوں کو نہیں ہونے دیں گے کامیاب: لالو

 

چھپرہ (نقیب احمد)
لالو پرساد یادو اپنی بیٹی اور سارن لوک سبھا سیٹ سے آر جے ڈی امیدوار ڈاکٹر روہنی آچاریہ کے انتخابی تشہیر کے لئے چھپرہ پہنچے۔غالباً وہ پہلی بار انتخابی تشہیر میں نکلے اور چھپرہ آئے۔انہوں نے شہر کے روضہ واقع پارٹی دفتر کا افتتاح کیا۔اس دوران لالو نے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر شدید حملہ کیا۔لالو یادو نے کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین اور جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہم کبھی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آج عہد کرنا چاہیے کہ ہم بابا صاحب کے آئین کو کسی قیمت پر تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ہم ان لوگوں کو ہی ختم کر ڈالیں گے جو ہمیں تباہ کرنے کی منشا رکھتے ہیں۔آپ کو بتا دیں کہ لالو پرساد یادو نے اپنی بیٹی روہنی آچاریہ کو سارن لوک سبھا سیٹ پر اتارا ہے۔ روہنی کو سارن کی لوک سبھا سیٹ جیتنے کا چیلنج درپیش ہے۔یہیں سے لالو پہلی بار ایم پی بنے تھے۔لیکن یہ سیٹ گزشتہ دو انتخابات سے بی جے پی کے پاس ہے۔اس سیٹ پر روہنی کا سیدھا مقابلہ سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈی سے مانا جا رہا ہے۔روڈی 2014 سے مسلسل اس سیٹ سے ایم پی ہیں۔لالو نے روڈی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بند پڑی سارن کے مشہور مڑھوڑہ چینی میل کو چالو کرنے کا وعدہ کیا مگر اونے پونے میں اسے فروخت کر دیا۔لالو نے اپنے پرانے مزاحیہ انداز میں کارکنوں کے اندر جوش بھرنے کا کام کیا۔ڈاکٹر روہنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سارن کی بیٹی ہیں اور پورا اعتماد ہے کہ یہاں کی عوام مجھے فتحیاب بنائے گی۔
مذکورہ میٹنگ میں سابق وزیر و ایم ایل اے جتیندر کمار رائے،سریندر رام،پرسا ایم ایل اے چھوٹے لال رائے،سونپور ایم ایل اے ڈاکٹر رامانوج پرساد،بنیا پور ایم ایل اے کیدارناتھ سنگھ،ایکما ایم ایل اے شری کانت یادو،مانجھی ایم ایل اے ڈاکٹر ستیندر یادو،ایم ایل سی ڈاکٹر سنیل سنگھ،ترجمان ہرے لال رائے،پریتم یادو،ساغر نوشیروان خان وغیرہ سمیت آر جے ڈی کانگریس سی پی آئی،سی پی ایم،وی آپ وغیرہ پارٹی کے سرکردہ رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔نظامت سابق ضلع صدر جیلانی مبین اور صدارت ضلع صدر سنیل رائے نے کی۔