تاثیر،۵ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
وارانسی، 05 اپریل: وارانسی ضلع کے مڈوواڈیہ تھانہ علاقہ کے مہیش پور میں جمعہ کی صبح زائرین سے بھری بس میں زبردست آگ لگ گئی۔ غنیمت رہی کہ پولیس نے تمام 70 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ حادثہ کے وقت زیادہ تر عقیدت مند سو رہے تھے۔
پولیس افسران کے مطابق جھارکھنڈ کے دمکا سے 70 زائرین بس کے ذریعے اجودھیا کے راستے وارانسی جارہے تھے۔ جیسے ہی بس صبح تقریباً 3 بجے مہیش پور پہنچی تو اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ بس میں آگ لگتی دیکھ کر قریب موجود پولیس اہلکاروں نے بس کو اوور ٹیک کیا اور اسے روکا۔ اس کے بعد بس میں سوئے ہوئے تمام مسافروں کو نیچے لایا گیا۔ پولیس نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت کو کچھ دیر کے لیے روک دیا۔ بس میں لگی آگ پر قابو پانے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق بس میں کئی مسافروں نے کھانا پکانے کے لیے گیس سلنڈر بھی رکھے ہوئے تھے۔ یہ محض اتفاق تھا کہ اس میں آگ نہیں لگی ورنہ بڑا حادثہ ہونا یقینی تھا۔ وہیں ایک اور حادثے میں مہیش پور میں صبح انڈوں سے لدے ٹرک میں آگ لگ گئی۔ اس سے پہلے کہ آگ پر قابو پایا جا سکتا، اس میں لدے انڈے جل کر راکھ ہو گئے۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بس اور ٹرک میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا خدشہ ہے۔

