کانگریس کے اسٹار کمپینر کا عہدہ چھوڑنے والے نسیم خان نے کہا پارٹی نہیں چھوڑیں گے

تاثیر،۲۷       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 27 اپریل : اسٹار کمپینر کا عہدہ چھوڑنے کے ایک دن بعد، مہاراشٹر کانگریس کے ورکنگ صدر نسیم خان نے ہفتہ کو کہا کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی اس پورے معاملے پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے اور بات چیت کریں گے۔
لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی طرف سے مہاراشٹر میں ایک بھی مسلم امیدوار کھڑا نہ کرنے سے ناراض نسیم خان نے ہفتہ کو صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی نے انہیں شمالی وسطی ممبئی لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑنے کے لئے کہا تھا۔ اس لیے انہوں نے الیکشن لڑنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی تھیں۔ اس سیٹ پر ورشا گائیکواڈ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس لیے وہ مزید مہم نہیں چلائیں گے۔ نسیم خان نے کہا کہ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے مختلف ریاستوں میں مہم چلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کا کلچر تمام مذاہب ، برادریوں اور سماج کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ مہاراشٹر کی کئی سیٹوں پر مسلم کمیونٹی کی آبادی 20 فیصد تک ہے۔ ان علاقوں سے ان سے پوچھا جا رہا ہے کہ کانگریس نے مسلم کمیونٹی کو نمائندگی کیوں نہیں دی ، وہ اس کا جواب نہیں دے پا رہے ہیں۔ نسیم خان نے الزام لگایا کہ ریاستی کانگریس کا ایک لیڈر اعلیٰ قیادت کو غلط معلومات دے رہا ہے۔ اس کی وجہ سے مہاراشٹر میں کانگریس کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے امتیازجلیل خان نے نسیم خان کو پارٹی میں شامل ہونے کی کھلی پیشکش کی تھی۔ اس سے متعلق سوال پر نسیم خان نے کہا کہ وہ کسی پارٹی میں نہیں جائیں گے۔ ہم کانگریس میں رہ کر اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔