تاثیر،۶ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہارنپور، 06 اپریل:وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر بڑا حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جنگ لڑنے والی کانگریس دہائیوں پہلے ختم ہو چکی تھی۔ کانگریس کے منشور پر پوری طرح مسلم لیگ کی چھاپ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو سہارنپور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ جو کانگریس اب رہ گئی ہے اس کے پاس نہ تو ملک کے مفاد میں پالیسیاں ہیں اور نہ ہی قوم کی تعمیر کا وژن ہے۔انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا: ‘کل کانگریس نے جس طرح کا منشور جاری کیا ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آج کی کانگریس آج کے ہندوستان کی امیدوں اور امنگوں سے پوری طرح کٹ چکی ہے۔ کانگریس کا منشور اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جو تحریک آزادی کے دوران مسلم لیگ میں رائج تھی۔ کانگریس کے منشور پر پوری طرح سے مسلم لیگ کی چھاپ ہے اور اس کا جو بھی حصہ رہ گیا ہے، اس پر بائیں بازو کا مکمل غلبہ ہے۔ اس میں کانگریس بالکل نظر نہیں آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہم ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے مشن میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف ہمارے مخالفین اقتدار کے حصول کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ میں ملک میں پہلا ایسا الیکشن دیکھ رہا ہوں جہاں اپوزیشن پارٹیاں جیت کا دعویٰ نہیں کر رہی ہیں، بلکہ صرف اس لیے الیکشن لڑ رہی ہیں تاکہ بی جے پی کی سیٹیں 370 سے کم ہو جائیں اور این ڈی اے کی سیٹیں 400 سے کم ہو سکیں۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا، یہاں اتر پردیش میں ان لوگوں نے دو لڑکوں کی فلم دوبارہ ریلیز کی ہے جو پچھلی بار فلاپ ہوئی تھی۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ اپوزیشن اتحاد کتنی بار کاٹھ کی اس ہانڈی کو پیش کرے گا۔