کرساکانٹا میں چائلڈ میریج فری انڈیا اور ووٹر بیداری ریلی سمیت پروگرام کا انعقاد۔

تاثیر،۲۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ ( مشتاق احمد صدیقی ) گزشتہ کل ضلع کے کرساکانٹا بلاک ہیڈکوارٹرمیں جاگرن کلیان بھارتی فاربس گنج، کیلاش ستیارتھی چلڈرن فاؤنڈیشن، ضلع صحت محکمہ ارریہ اور ضلع انتظامیہ ارریہ کے مشترکہ زیراہتمام بلاک لیول پرچائلڈ میریج فری انڈیا اور ووٹر بیداری پر مبنی ایک شاندارریلی بڑے تزک و احتشام کے ساتھ نکالی گئی، ریلی کے اختتام پر کرساکانٹا پی ایچ سی کے احاطے میں چائلڈ میرج فری انڈیا مہم، چائلڈ میریج فری پریوینشن، چائلڈ میرج فری انڈیا اور ووٹر بیداری مہم، آشا ورکر ٹریننگ اور لوک سبھا ووٹر بیداری مہم پروگرام  کا انعقاد ہوا، اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر جمیل احمد انچارج میڈیکل افسر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض کو کلیان بھارتی فاربس گنج کے صدر شری سنجے کمار نے بحسن وخوبی سرانجام دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمیل احمد انچارج میڈیکل افسر نے پروگرام کے شرکاء سے کہا کہ کم عمری کی شادی کا سب سے زیادہ اثر اُس بچی کی صحت پر پڑتا ہے، جس کو خوبصورت کپڑوں، گہنوں، نئے کمرے اور دیدہ زیب زندگی کا لالچ دے کر اس کے ہاتھوں سے کبھی گڑیا اور کبھی کتاب ایک طویل جدوجہد اور پُر اذیت زندگی کی طرف دھکیل دیا جاتا ہے۔ طبی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو کم عمری میں ہونے والی شادی سے بچیوں میں جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماروں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، کم عمری میں حاملہ ہونے کی وجہ سے تولیدی صحت متاثر ہوتی ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ دورانِ زچگی ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے ماں کی موت واقع ہوجانا ایک عام بات ہے۔ خون کی کمی، فسٹیولہ، carvic cancer، اور اندرونی انفیکشن اِن بچیوں کی دورانِ زچگی ہونے والی موت کی وجوہات ہیں جن کی تصدیق میڈیکل سائنس کی مختلف ریسرچ کرتی ہیں کچھ اور وجوہات بھی ہیں جن کی وجہ سے کم عمری کی شادی نقصان دہ ہے یہ وہ وجوہات ہیں جو بحیثیت ایک ڈاکٹر، میں نے اپنے کام کے دوران مشاہدہ کیا اور جن پر کام کرنے کی اشد ضرورت پانچ گنا زیادہ ہوتا ہے۔ جبکہ جاگرن کلیان بھارتی فاربس گنج کے صدر شری سنجے کمار نے ووٹ کی اہمیت پر بولتے ہوئے کہا کہ ووٹ دینے کا حق ہندوستانی جمہوریت کے ایک شہری کے طور پر آپ کا حق ہے۔ اس حق کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کر کے اسے اعزاز بخشیں۔ اپنا ووٹ ڈالیں اور ملک، اپنے آپ اور اپنے بچوں کے لئے ایک تابناک مستقبل کی شروعات کریں۔ آگے آئیں اور ملک کو اپنے ووٹ سے طاقت بخشیں۔ عظیم عوامی جمہوریہ، بھارت کا شہری ہونے پر فخر کریں۔ آپ نے مثال دیتے ہوئےکہا کہ جس طرح سے پانی کا ہر قطرہ طاقتور سمندروں کی تشکیل دیتا ہے، ٹھیک اسی طرح ہر اکیلا ووٹ اچھی حکمرانی کی راہ دکھائے گا اور بھارت کو ایک سپرپاور بننے کے راستے پر گامزن کرے گا۔ یاد رکھیں کہ آپ کے ایک ووٹ میں پوری طاقت ہے اور درحقیقت یہ تیز ترین تلوار سے زیادہ طاقتور ہے،اس لئے ووٹنگ کے دن جو 7/مئی کو ہے اپنا انمول ووٹ دے کر جمہوریت کی حفاظت کریں! جمہوریت میں اس کی بڑی طاقت ہوتی ہے اپنے اس انمول حق کو چند سکوں کے عوض بیچ کر جمہوریت کو داغدار نہ کریں! اس موقع پر ڈی سی دیپک کمار پاسوان، بی ایچ ایم چندن کمار، بی سی ایم سندیپ کمار، کایا کلب کے کوآرڈینیٹر روپیش کمار سنگھ، کوشلیش کمار شکلا، شبھم کمار مشرا اور امیت کمار یادو موجود تھے ، جنہوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔