کشمیر : اسکولی بچوںکی کشتی دریائے جہلم میں ڈوبی، 4 بچے شہید

تاثیر،۱۶       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سری نگر ، 16اپریل:جموں و کشمیر میں ایک بڑا حادثہ سامنے آرہا ہے۔ سری نگر کے علاقے بٹوار میں جہلم میں مسافروں اور اسکولی بچوں سے بھری کشتی ڈوب گئی۔ اس میں چارمعصوم جان کی بازی ہار چکے ہیں،جبکہ تین بچے لاپتہ ہیں۔اس کے علاوہ حادثے میں اب تک 12 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ ان میں زیادہ تر بچے ہیں۔ اس معاملہ کے حوالے سے سری نگر کی ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیا کہ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور یہ جاری ہے۔جموں و کشمیر میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے دریائے جہلم خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کی خبر پر انتہائی فکر مند ہیں۔ میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اس کشتی پر سوار تمام لوگوں کو بحفاظت اور جلد بازیاب کر لیا جائے گا۔