کیجریوال کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی، گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی پراگلی سماعت 28 اپریل کو

تاثیر،۱۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 اپریل:سپریم کورٹ نے دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر ای ڈی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی قیادت والی بنچ نے اگلی سماعت 28 اپریل کو کرنے کا حکم دیا۔کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے 9 اپریل کو اروند کیجریوال کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ جسٹس سورناکانتا شرما کی سربراہی والی بنچ نے عرضی کو خارج کرنے کا حکم دیا تھا۔کیجریوال کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ یہ ضمانت کی درخواست نہیں ہے، لیکن گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ جب بھی کسی ملزم کو سرکاری گواہ بنایا جاتا ہے تو یہ عدالتی افسر کا کام ہے نہ کہ جانچ ایجنسی ای ڈی کا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ کرنا عدالت کا کام نہیں ہے کہ کس نے کس پارٹی کو الیکشن لڑنے کے لیے پیسے دیئے۔ عدالت کو اس بات پر غور کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ الیکٹورل بانڈ کی شکل میں رقم کس نے کس پارٹی کو دی۔ کیجریوال چاہیں تو گواہوں سے جرح کرسکتے ہیں۔ یہ ٹرائل کا معاملہ ہے ہائی کورٹ کا معاملہ نہیں۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ تفتیشی ایجنسی کسی سے بھی تفتیش کر سکتی ہے۔ امانت اللہ خان کے فیصلے کی مثال دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ عوامی شخصیات کو بھی نہیں بخشا جانا چاہیے۔ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ کیجریوال مارچ سے سمن کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ ایسے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ گرفتاری انتخابات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ عدالتیں قانون کی پابند ہیں سیاست کی نہیں۔ جج آئین کے پابند ہیں۔ عدلیہ کا کام قانون کی تشریح کرنا ہے اور اس میں وہ کسی کا ساتھ نہیں لیتی، سیاست میں نہیں آتی۔ سیاسی شخصیات کے مقدمات میں عدالت کو صرف قانون کو دیکھنا ہوتا ہے اس کے لیے سیاست ضروری نہیں۔ہائی کورٹ کا تعلق آئینی اخلاقیات سے ہے سیاسی اخلاقیات سے نہیں۔ اس کیس میں بھی عدالت نے صرف قانونی حقائق پر غور کیا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ 2020 کے گوا اسمبلی انتخابات میں حوالہ ڈیلر کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ اس الیکشن میں پیسے کا استعمال کیا گیا تھا۔ عدالت نے این ڈی گپتا کے بیان کا حوالہ دیا۔کیجریوال اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔ یکم اپریل کو راؤز ایونیو کورٹ نے کیجریوال کو 15 اپریل تک عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا تھا۔