گرمیوں میں لندن جانے والے عمر عبداللہ کو کیا پتہ کون کدھر ہے۔غلام نبی آزاد

تاثیر،۱۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں ،15 اپریل: ادھم پور ،کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ میں جوں جوں انتخابات کی تاریخ نزدیک آ رہی ہے سیاسی جماعتوں کی انتخابی ریلیوں میں تیزی آئی ہے۔گزشتہ روز خطہ چناب میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کی حمایت میں سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رامبن سے ڈوڈہ تک درجنوں ریلیوں میں شرکت کی اور کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ کے حق میں لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔وہیں آج بھی کٹھوعہ میں بی جے پی کے لیڈر ڈاکٹر جتیندر سنگھ لوگوں سے خطاب کرنے جموں و کشمیر پہنچے ہیں۔عمر عبداللہ نے گزشتہ روز غلام آزاد پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرکے بی جے پی کی مدد کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی اْن کی ریلیاں بھی چناب ویلی تک محدود ہیں۔عمر عبداللہ کیبیان پر ڈوڈہ میں ایک ریلی کے دوران آزاد نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ اگر ہندوستان میں رہتے تو وہ جان جاتے ہم کہاں کہاں لوگوں کی آوازیں سننے پہنچے ہیں،لیکن آپ تو گرمیوں میں اپنے نانیہال لندن چلے جاتے ہیں آپ کو کیا معلوم ہے کون کدھر ہے۔اس لئے ہندوستان میں رہ کر سیاست کریں۔آزاد نے کہا کہ اْنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران کٹھوعہ اور ادھم پور میں چالیس سے پچاس عوامی جلسے کیے ہیں۔آزاد نے کہا کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنا چھوڑ دئیجے ،لیڈروں کا کام اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کرنا ہوتا ہے۔آزاد نے سخت لہجے میں کہا کہ مذہب کی سیاست کرنے والے تباہ و برباد ہو جائیں گے۔یہ کسی بھی صورت میں عوامی مفاد میں نہیں ہے۔