آئرلینڈ کے کھلاڑیوں کو تنخواہ میں اضافے کے ساتھ ملے گا نیاسینٹرل کنٹریکٹ

تاثیر،۱۶       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ڈبلن، 17 مئی: کرکٹ آئرلینڈ (سی آئی) اور آئرش کرکٹرز ایسوسی ایشن ( آئی سی اے) کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے بعد آئرلینڈ کے کھلاڑیوں کو تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ نظر ثانی شدہ سینٹرل کنٹریکٹ بھی ملے گا۔
گزشتہ ہفتے یہ خبر آئی تھی کہ آئرلینڈ کے کھلاڑیوں نے بورڈ کی ایک تجویز کو مسترد کر دیا ہے ۔ کھلاڑی جون میں ہونے والے ٹی20- ورلڈ کپ میں کنٹریکٹ پر کھیلنے جا رہے تھے جو اس سال فروری میں ختم ہو گیا تھا۔
جمعرات کی شام کو سی آئی اور آئی سی اے نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کہا کھلاڑی کنٹریکٹ کی شرائط پر ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں اور دونوں فریق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہے ہیں۔
سی آئی اور آئی سی اے نے ایک مشترکہ بیان میں کہا،’’یہ سمجھوتہ کرکٹ آئرلینڈ اور کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے درمیان مجموعی تعلقات کو محفوظ بنائے گا اور دنیا بھر کے دیگر فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( ایف آئی سی اے ) سے منسلک ممالک میں موجود بہترین پریکٹس تعلقات کی آئینہ دار ہوگا۔‘‘
کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ نظرثانی شدہ کنٹریکٹ کی فہرستیں جلد ہی جاری کی جائیں گی اور فروری 2025 کے آخر تک برقرار رہیں گی۔
سی آئی کے چیف ایگزیکٹیو وارن ڈیوٹروم نے بیان میں تصدیق کی کہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’کھلاڑیوں کی ادائیگیوں کے آغاز سے ہی، کرکٹ آئرلینڈ بورڈ نے ہمیشہ ہمارے سینئر مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو آئرلینڈ میں کھیل کو فروغ دینے میں بڑے کردار کے لیے انعام دینے کو ترجیح دی ہے۔ ہمارے بجٹ کی کمی اور کھلاڑی معاہدوں کے لئے نئے ماڈل کی پیچیدگی کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔ حالانکہ ہم ہر وقت یہ یقینی بنانے کے لئے بہت مثبت طریقے سے کام کر رہے ہیں کہ ہم ایک ایسے سمجھوتے پر پہنچیں جو سب کے لئے کام کرے‘‘۔
انہوں نے کہا،’’اس سال آئرش کرکٹ میں نئی رقم کا سب سے بڑا حصہ کھلاڑیوں کو ملا ہے۔ ویسا ہی جیسا رہنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم نے باقی کھیل کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے اپنے فرض کو فراموش کیے بغیر کھلاڑیوں کو ان کی سخت محنت اور کامیابی کے لئے انعام دینے کی پوری کوشش کی ہے، خاص طور پر زمینی سطح پر، کلب اور صوبائی سطح پر – اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ہم مستقبل میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی تیار کر سکیں۔‘‘
آئرلینڈ کے سابق بلے باز اور آئی سی اے کی صدر سیسیلیا جائس نے کہا،’’اس سارے عمل میں ہمارے اراکین متحد رہے ہیں اور نتیجہ آئرلینڈ اور کھیل کے تمام پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے اہم ہے۔یہ کھلاڑیوں کی اگلی میعاد کے لئے آمدنی اور معاہدے کے ڈھانچے پرحصہ داری کے تعلق سے زیادہ شفافیت اور اور وضاحت کو یقینی بناتا ہے۔‘‘