آئی پی ایل: دہلی پر جیت کے بعد آر سی بی کے کپتان نے تیز گیند بازوں یش اور لوکی کی تعریف کی

تاثیر،۱۳       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بنگلورو، 13 مئی: رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے اتوار کو دہلی کیپٹلس (ڈی سی ) کے خلاف اپنی ٹیم کی 47 رنوں سے جیت کے بعد تیز گیند بازوں یش دیال اور لوکی فرگیوسن کی تعریف کی۔
آر سی بی نے آئی پی ایل 2024 کے دوسرے ہاف میں اپنی عمدہ کارکردگی کو جاری رکھا اور پانچ میچوں میں پانچ جیت حاصل کی۔ آرسی بی ٹیم اتوار کو بنگلورو کے اس کے ہوم گراونڈ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں دہلی کو 47 رنوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئی۔
میچ کے بعد فاف نے کہا،’’ہم نے کچھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب قدرے خوشی ہوئی۔سیزن کے پہلے ہاف میں چیزیںکافی حد تک ایک ساتھ نہیں آئیں اور بلے بازی اور گیندبازی کے نظریے سے ہم اسے رکھنے میں اہل نہیں تھے، لیکن اب ہم ایک ساتھ پرفارم کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا،’’پردے کے پیچھے بہت کام ہوا ہے اور ہم اسے درست کر رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ اب ہماری گیندبازی میں بہت زیادہ ورائٹی ہے، یش اور لوکی پچھلے کچھ میچوں میں غیر معمولی رہے ہیں۔ ہم بہادر بنناچاہتے ہیں ،دہلی کے خلاف بھی ہم نے سوئنگ اپ فرنٹ اور باؤنس اپ فرنٹ کھیلا، پاور پلے میں ہمارا اسکور 60 کے آس پاس تھا، اب بلے باز اور گیند باز زور لگا رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے لیفٹ آرم اسپنر سوپنل سنگھ کی بھی تعریف کی۔ کپتان نے کہا،’’کبھی کبھی لوگ میچ اپ وغیرہ کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن بائیں ہاتھ کے اسپنر کی گیند گھومتی ہے، آپ امید کرتے ہیں کہ کبھی کبھی یہ کام کرے گا۔سوپنل نے ہمارے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘‘۔
میچ کی بات کریں تو دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ آر سی بی نے رجت پاٹیدار (32 گیندوں میں 52 رن، پانچ چوکے اور تین چھکے)، ول جیکس (29 گیندوں میں 41 رن، تین چوکے اور دو چھکے)، کیمرون گرین (24 گیندوں میں 32*، ایک چوکا اور دو چھکے) اور وراٹ کوہلی (13 گیندوں پر 27 رن، ایک چوکا اور تین چھکے) کی اننگز کی بدولت 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 187 رن بنائے۔
دہلی کی جانب سے راسخ سلام اور خلیل احمد نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
188 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں دہلی کی ٹیم ایک وقت مشکلات سے دوچار تھی، اس نے صرف 30 رن پر 4 وکٹیں گنوادیں، لیکن اس کے بعد شائی ہوپ (23 گیندوں میں 29 رن، چار چوکے) اور اکشر پٹیل کے درمیان 56 رنوں کی شراکت داری کرٹیم کو میچ میں واپس لا دیا۔ دہلی کے اسٹینڈ ان کپتان اکشر نے سیزن کی اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 39 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رن بنا کر اپنی ٹیم کو میچ میں زندہ رکھا۔ تاہم، آر سی بی کے گیند بازوں نے رن فلو کو قابو میں رکھا اور دہلی کو 19.1 اوور میں 140 رن پر آؤٹ کر کے 47 رنوں سے جیت حاصل کی۔
آر سی بی کی جانب سے یش دیال نے تین اور لوکی فرگوسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی آر سی بی نے پلے آف کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں اور چھ جیت، سات ہار اور کل 12 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ دہلی چھ جیت، سات ہار اور 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر کھسک گئی ہے۔ ان کا نیٹ رن ریٹ آر سی بی سے کم ہے۔

ے۔