الیکشن آفیسر عنایت خان نےای وی ایم_وی وی پی اے ٹی ڈسپیچ مراکز کا معائنہ کیا

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

مسز عنایت خان نے انتخابات کے امور بحسن وخوبی اور تیزی کے ساتھ سر انجام دینے کی ہدایت دی۔

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) لوک سبھا عام انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلہ کے تحت 09-ارریا پارلیمانی حلقہ میں ووٹنگ کی تاریخ 07 مئی 2024 کو طے ہے، اس کے مد نظر ضلع سطح پر انتخابات سے متعلق تمام ضروری تیاریوں کو حتمی شکل پورے جوش وخروش کے ساتھ دی جا رہی ہے، اسی سلسلے میں گزشتہ کل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ارریہ مسز عنایت خان نے تمام پولنگ پارٹی_کم_ای وی ایم_وی وی پی اے ٹی ڈسپیچ مراکز کا معائنہ کیا۔  اس دوران انہوں نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو ضروری تیاریوں کو تیز رفتاری سے کرنے اور اسے  یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ معائنہ کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے ڈسپیچ سنٹر میں تمام ضروری انتظامات بشمول اہلکاروں کی بریفنگ سائٹ، ووٹنگ میٹریل کی تقسیم کی جگہ، پولنگ اہلکاروں کے لئے ہیلپ ڈیسک، گاڑیوں کی پارکنگ کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ ارریہ لوک سبھا حلقہ کے لئے چار اسمبلی وار پولنگ پارٹی_کم_ای وی ایم_وی وی پی اے ٹی ڈسپیچ مراکز ہیں، 47رانی گنج اور 49 ارریہ اسمبلی حلقہ کے لئے ارریہ کالج ارریہ، 46نرپت گنج اور 48 فوربس گنج اسمبلی کے لئے زرعی پیداوار مارکیٹنگ یاڈ، 50 جوکی ہاٹ اسمبلی حلقہ کے لئے الشمس ملیہ کالج  اور 51 سکٹی اسمبلی حلقہ کے لئے M.L.D.P.K.  یادو کالج، ارریہ ڈسپیچ مراکز بنائے گئے ہیں۔  اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ارریہ، تمام اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، ڈپٹی ریٹرننگ افسران، لینڈ ریفارمس کے ڈپٹی کلکٹر ارریہ اور فاربس گنج سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔