انا ہزارے نے ووٹروں سے بے داغ امیدوار کا انتخاب کرنے کی اپیل کی

تاثیر،۱۳       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 13 مئی: سینئر سماجی کارکن انا ہزارے نے پیر کو ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ صرف بے داغ امیدواروں کو ہی ووٹ دیں۔ انا ہزارے نے بھی ملزم امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی ہے۔
انا ہزارے نے پیر کو احمد نگر میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ ملک کی چابی ووٹرز کے ہاتھ میں ہے اس لیے اس چابی کا صحیح استعمال کیا جائے اور صحیح امیدوار کا انتخاب کیا جائے۔انا ہزارے نے کہا کہ “آج جمہوریت کا ایک بڑا جشن ہے اور ہر کسی کو اس جشن میں حصہ لینا چاہیے اور ووٹ دیتے وقت کردار اور ایمانداری والے شخص کو ووٹ دینا چاہیے۔ چونکہ ملک کی چابی ووٹروں کے ہاتھ میں ہے، اس لیے اس چابی کا استعمال صحیح طریقے سے کیا جانا چاہئے۔”
انہوں نے کہا کہ پیسے لے کر ووٹ دینا ملک کی بدقسمتی اور شہداء￿ کی توہین ہے اس لیے بے داغ امیدواروں کا انتخاب کریں۔
اس موقع پر انا ہزارے نے مبینہ شراب گھوٹالہ کیس کے حوالے سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر بھی کڑی تنقید کی۔ انا ہزارے نے کہا کہ انہوں نے یہ بدعنوانی اس لیے کی ہے کیونکہ شراب کی لت میں پڑنے سے ان کا پیسہ ضائع ہو گیا تھا۔ انہوں نے ایسے لوگوں کو منتخب نہ کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔