انتخابی ڈیوٹی پر مامور ایک اور ہوم گارڈ جوان کی سڑک حادثے میں موت

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ، 04 مئی:ارریہ کے کرسا کانٹا بلاک میں رہت مینا پنچایت سرکاری عمارت میں تعینات ہوم گارڈ جوان روشن کمار کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی، اسے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔متوفی ہوم گارڈ جوان روشن کمار مظفر پور ضلع کا رہنے والاتھا اور کشن گنج میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کے بعد وہ تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے ارریہ ضلع پہنچا تھا، متوفی ہوم گارڈ جوان، فوجی نمبر 233244، مظفر پور ضلع میں تعینات تھا۔ ہوم گارڈ کے سپاہی کی موت کے بعد ان کے جسد خاکی کو پولیس لائن لایا گیا جہاں ہوم گارڈ کمانڈر ممتا کماری سمیت جوانوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔اس معاملے کی معلومات لینے کے بعد کمانڈر ممتا کماری نے آخری رسومات کے لیے فوری طور پر پندرہ ہزارروپے کا چیک فراہم کیا، ضلع انتظامیہ نے متوفی کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے ایک دن قبل مظفر پور ضلع کے ایک ہوم گارڈ جوان سدھیر کمار سنگھ کی بھی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی تھی جو کہ کرسا کانٹا بلاک کے رہت مینا کے رہنے والے تھے۔