اندور کے بیٹما کے قریب خوفناک سڑک حادثہ، کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا ئی، 8 افراد ہلاک

تاثیر،۱۵       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اندور، 16 مئی: اندور کے قریب بیٹما میں بدھ کی رات ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں اندور-احمد آباد فور لین پر ٹائر پھٹنے کے بعد ایک کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار میں سوار آٹھ افراد کی موت ہو گئی، جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ لاشوں کو بیٹما اسپتال لایا گیا ہے۔ جہاں آج (جمعرات) صبح پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ رات تقریباً 10.30 بجے بیٹما تھانہ علاقہ کے تحت گھاٹابلود ہائی وے پر چندن نگر پل کے قریب پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے بعد قریبی لوگوں نے ریسکیو آپریشن کیا۔ اطلاع ملتے ہی ایمبولینس کے ساتھ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں گاڑی میں پھنسی ہوئی تھیں جنہیں گاوں والوں کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ حادثے میں جان گنوانے والے تمام لوگ گنا ضلع کے رہنے والے ہیں۔ سبھی ایک پروگرام میں شرکت کے لیے علی راج پور کے بوری گاوں گئے تھے۔ واپسی کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔اے ایس پی اندور روپیش دویدی نے بتایا کہ 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ایک پولیس کانسٹیبل جو گاڑی چلا رہا تھا بھی ہلاک ہوگیا۔ وہ گنا میں تعینات تھا۔ بیٹما تھانہ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ایک زخمی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔