اورنگ آباد میں الیکشن کمیشن کا چھاپہ، 39 لاکھ روپے برآمد، 4 گرفتار

تاثیر،۱۲       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

اورنگ آباد ، 12 مئی: اورنگ آباد میں الیکشن کمیشن کی ٹیم اور پولس نے کل رات مشترکہ طور پر ایک موبائل شاپ پر چھاپہ مارا، 39 لاکھ روپے ضبط کئے اور نوٹ گننے کی مشین کے ساتھ چار ملزمین کو گرفتار کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ رقم حوالہ کے ذریعے لائی گئی تھی اور شہر میں تقسیم کی جا رہی تھی۔ پولیس ٹیم معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولس کے مطابق اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ کے انتخابی اخراجات انسپکٹر کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پیٹھن گیٹ علاقے میں واقع ایک موبائل شاپ میں انتخابات میں تقسیم کے لیے پیسے لائے جارہے ہیں۔ انتخابی اخراجات کے انسپکٹر نے یہ اطلاع ڈپٹی کمشنر پولیس نتن باگاٹے کو دی۔ الیکشن کمیشن اور پولیس ٹیم نے رات دیر گئے موبائل شاپ پر چھاپہ مارا اور دکان سے 39 لاکھ روپے اور نوٹ گننے کی مشین برآمد کی۔ پولیس نے اس معاملے میں چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ان چاروں کی شناخت رمیش کھنڈوجی بدھونت، شیلیش راٹھوڑ، اسلم خان اسماعیل اور شیخ رضوان شیخ شفیق کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ یہ رقم حوالہ کی تھی۔ اس لیے پولیس اس معاملے میں ملوث دیگر ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔