ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن کوئی نہیں چھین سکتا: وزیر اعظم مودی

تاثیر،۱۰       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 10 مئی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو مہاراشٹرا کے نندوربار میں کہا کہ میں محروموں کے حقوق کا چوکیدار ہوں۔ جب تک مودی زندہ ہے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن کوئی نہیں چھین سکتا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر مودی نے یہ بھی کہا کہ کرناٹک میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بی جے پی لیڈر مودی جمعہ کو نندوربار میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے اتحاد کی امیدوار حنا گاوت کی حمایت میں منعقدہ مہم سے خطاب کر رہے تھے۔ پی ایم مودی نے اپنی تقریر کا آغاز دیوموگرا ماتا کی دھرتی، قبائلی انقلابیوں اور عوامی لیڈروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی قبائلیوں کی فکر نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آئین پر چھرا گھونپ رہی ہے۔ کرناٹک میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس کرناٹک ماڈل کو پورے ملک میں نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ کانگریس شہزادے کے گرو امریکہ میں رہتے ہیں۔ انھوں نے ہندوستانی لوگوں کے خلاف نسلی تبصرے کئے ہیں۔ کانگریس دروپدی مرمو کو صدر بننا قبول نہیں کرتی۔ کانگریس پارٹی کا ایجنڈا خطرناک ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ اس کا انکشاف راہل گاندھی کے گرو نے کیا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ مہاراشٹرا کے بزرگ رہنما شرد پوار بارامتی انتخابات کے بعد مشکل میں ہیں۔ پوار گزشتہ 40 سالوں سے سیاست میں ہیں۔ بارامتی انتخابات کے بعد وہ پریشان ہیں۔ اسی لئے انہوں نے ایسا بیان دیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شرد پوار کو بہت سے لوگوں سے مشورہ کرنے کے بعد ہی ایسا بیان دینا چاہئے تھا۔ اگر وہ 4 جون کے بعد عوامی اور سیاسی زندگی میں زندہ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں چھوٹی پارٹیوں کو کانگریس میں ضم کرنا ہوگا۔ اس بیان کا مطلب ہے کہ فرضی شیوسینا اور فرضی این سی پی کانگریس میں ضم ہونے کا فیصلہ کریں گی۔