ایمازون کے بانی ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

تاثیر،۲۹       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، 30 مئی:گزشتہ چند ماہ کے دوران برنارڈ آرنلٹ اور جیف بیزوز کے درمیان دنیا کے امیر ترین فرد بننے کی دوڑ دیکھنے میں آئی ہے۔جس دوران کئی بار ایمازون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین شخص بنے اور پھر برنارڈ آرنلٹ ان کو پیچھے چھوڑ کر اوپر آگئے۔مگر اب ایک بار پھر ایمازون کے بانی دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ پہلے سے دوسرے نمبر پر منتقل ہوگئے ہیں۔اس میں درحقیقت جیف بیزوز کا کمال نہیں بلکہ برنارڈ ارنلٹ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6.73 ارب ڈالرز سے محروم ہوئے جبکہ چند ہفتوں کے دوران انہیں 27 ارب ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق جیف بیزوز 205 ارب ڈالرز کے ساتھ اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جبکہ برنارڈ آرنلٹ 203 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔کافی عرصے تک دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اس وقت 202 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔یعنی ایلون مسک بھی جلد دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز ایک بار پھر اپنے نام کر سکتے ہیں۔میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ 169 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے جبکہ گوگل کے شریک بانی لیری پیج 156 ارب ڈالرز کے ساتھ 5 ویں امیر ترین شخص ہیں۔