برازیل میں طوفانی بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، 100 ہلاک

تاثیر،۹       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

برازیلیا،09مئی:برازیل میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل میں گزشتہ کئی روز سے ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 100سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں، ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔سیلاب کے باعث پورٹو الیگرے شہر کا باقی ملک سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، پورٹو الیگرے کے ائیرپورٹ اور اسٹیڈیم میں پانی بھر گیا ہے، جہاز، رن وے اور پارکنگ میں گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب چکی ہیں۔طوفانی بارشوں کے سبب سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں اور متعدد پُل بھی ٹوٹ گئے جب کہ ڈیمز بھی متاثر ہوئے ہیں۔