بہار میں سارن ضلع کے موتی راج پور گاوں کے مدرسے میں دھماکہ، مولوی کی موت

تاثیر،۱۵       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 16 مئی: بہار میں سارن ضلع کے گڑکھا تھانہ علاقے کے موتی راج پور گاوں کے مدرسہ احاطہ میں بدھ کی رات دھماکہ ہوا۔ اس دھماکے میں اولہان پور گاوں رہائشی مولانا امام الدین کی موت ہو گئی۔ وہیں 10 سالہ لڑکا مظفر پور رہائشی نور عالم شدید طور سے زخمی ہوگیا۔ یہ معلومات پولیس نے دی ہے۔
پولیس کے مطابق مدرسہ احاطہ میں دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر گڑکھا تھانہ ایس آئی امان اشرف وہاں پہنچے، لیکن اس سے پہلے ہی مقامی لوگ دونوں زخمیوں کو لے کر پٹنہ روانہ ہو چکے تھے۔ لوگوں نے بتایا کہ پہلے زخمیوں کو چھپرہ صدر اسپتال لے جایا گیا۔ اس کے بعد انہیں وہاں سے پٹنہ لے جایا گیا۔ سارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گورو منگلا نے کہا کہ دھماکے کے بعد لوگوں نے شواہد کو مٹا دیا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی مولانا امام الدین کی علاج کے دوران جمعرات کے روز موت ہوگئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ طالب علم نور عالم نے مدرسے کے پیچھے گیند کی طرح نظر آنے والی ایک چیز اٹھالی اور مدرسے کے اندر آگیا۔ مولانا کی نظر پڑی تو انہیں بم ہونے کا شبہ ہوا اور طالب علم کے ہاتھ سے گیند نما بم اپنے ہاتھ میں لے کر پھینکنا چاہا۔ اتنے میں بم نور عالم کے پیر گرکر پھٹ گیا۔ اس واقعے میں نور عالم کا پیر اور مولانا کے ہاتھ کو نقصان پہنچا۔ حالانکہ کچھ لوگ اسے سلنڈر دھماکہ بتا رہے ہیں۔ موقع پر پہنچی پولیس کو سلنڈر پھٹنے یا دھماکے کے شواہد نہیں ملے۔
قابل ذکر ہے کہ سارن لوک سبھا حلقہ میں 20 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔ لوگ اس واقعہ کو لوک سبھا انتخابات سے جوڑ رہے ہیں۔ اس بات پر بحث جاری ہے کہ بم وہاں کیوں رکھا گیا تھا۔ کیا مدرسہ احاطے میں اور اس کے ارد گرد مزید بم رکھے گئے ہیں؟ اس معاملے کے بارے میں تھانہ انچارج ششی رنجن نے بتایا کہ مدرسہ احاطہ میں دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔