بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بی جے پی اور کانگریس پر سخت حملہ کیا

تاثیر،۱۰       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 10 مئی: بی جے پی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے جمعہ کو کانپور کے رمئی پور کے مگراسا گاوں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں سرمایہ داروں سے پیسے لے کر چلنے والی ہیں جبکہ بی ایس پی ایسا نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی کے کارکنوں کے تعاون اور سالگرہ کے موقع پر جو تھوڑا-تھوڑا پیسہ جمع ہوتاہے ، وہی پیسہ پارٹی میں خرچ ہوتا ہے۔ جبکہ بی جے پی اور کانگریس سرمایہ داروں سے پیسے لے کر الیکشن لڑتی ہیں۔ اگر اس بار ای وی ایم میں کوئی خرابی نہیں ہوئی ، تو یقیناً نتیجہ اچھا نکلنے والا ہے۔
مایاوتی نے کانپور کے امیدوار کلدیپ بھدوریا اور اکبر پور کے امیدوار راجیش دویدی کی حمایت میں مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل جب کانگریس اقتدار میں تھی، وہ ای ڈی سمیت سرکاری مشینری کا بھی غلط استعمال کرتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بی جے پی کا بھی یہی حال ہے۔ بی جے پی ای ڈی کا غلط استعمال کرکے دباو بنا رہی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ بی ایس پی نے ٹکٹ کی تقسیم میں بھی پورے سماج کی مناسب شرکت کو یقینی بنایا ہے۔