’تیس منٹ میں دھماکہ‘، مسافر طیارے کی رن وے پر تلاشی

تاثیر،۲۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 مئی: دارالحکومت دہلی کے ایئرپورٹ پر موجود انڈگو ایئرلائن کی پرواز میں بم کی اطلاع سے بھگدڑ مچ گئی جس کے بعد مسافروں کو نکال کر جہاز کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کو ایئرلائن کے حکام نے کہا کہ گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فلائٹ سکس ای 2211 کو صبح پانچ بجے کے قریب اس وقت رن وے پر روک لیا گیا جب وہ ورانسی روانگی کے لیے تیار تھی۔فضائی کمپنی کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ ’صبح پانچ بج کر 40 منٹ پر ایئرپورٹ کی آئی جی آئی کو ایک ٹیلی فون کے ذریعے پرواز میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔‘ایک اہلکار نے بتایا کہ پائلٹ کو واش روم کے اندر سے کاغذ کا ایک ایسا ٹکڑا بھی ملا جس پر لکھا تھا کہ ’30 منٹ میں دھماکہ ہونے والا ہے۔‘حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی کے بعد جہاز میں سوار 176 مسافروں کو فوری طور پر اتار کر جہاز سے دور لے جایا گیا، جس کے بعد کوئیک رسپانس ٹیم نے جہاز کی تلاشی لینا شروع کی تاہم ابھی تک کسی کسی مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔‘ان کے مطابق ’تمام مسافروں کو ہنگامی دروازوں کے ذریعے نیچے اتارا گیا اور وہ سب ٹھیک ہیں۔‘انڈگو ایئرلائن کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ سکیورٹی ایجنسیز کی ہدایات کے مطابق جہاز کو عمارت سے دور خالی مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔بیان کے مطابق ’ جہاز کا جائزہ لیا گیااور مکمل ہو جانے کے بعد جہاز کو واپس ٹرمینل میں اپنی جگہ پر پہنچا دیاگیا۔‘رواں ماہ کے آغاز میں بھی دہلی ایئرپورٹ پر ٹشو پیپر کا ایک ایسا ٹکڑا ایئر انڈیا کی پرواز کے واش روم میں سے برآمد ہوا تھا جس پر لفظ ’بم‘ لکھا ہوا تھا تاہم دھوکہ ثابت ہوا تھا۔اس کے بعد پولیس نے کہا تھا انہیں ٹشو پیپر کے بارے میں اطلاع دی گئی تھی جس کے بعد سکیورٹی پروٹوکولز کے مطابق جہاز کو مکمل طور پر چیک کیا گیا اور کسی قسم کی کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی تھی۔اس سے قبل بھی ای میلز کے ذریعے ایئرلائنز ہی نہیں ہسپتالوں اور سکولوں میں بم کی موجودگی کی اطلاعات آتی رہی ہیں تاہم چیکنگز کے بعد ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی تھی۔