جدہ میں رہائشی عمارت زمین بوس، اموات کا خدشہ

تاثیر،۳۱       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ریاض،31 مئی:سعودی عرب کے مغربی ساحلی شہر جدہ کے قریب الفیصلیہ میں رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی، شہری دفاع کی ٹیموں کی جانب سے ملبے میں پھنس جانے والوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رہائشی عمارت گرنے کے سبب کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔جدہ سے سعودی میڈیا کے مطابق مقامی شہری دفاع کی ٹیموں نے 2 افراد کو ملبے کے نیچے سے ریسکیو کرلیا ہے، عمارت گرنے سے ملبے میں دبے ہوئے دیگر افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔اس سے قبل سعودی عرب میں جدہ انڈسٹریل سٹی کے کارخانے میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تھی، جس پر جلد قابو پالیا گیا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے عاجل کے مطابق شہری دفاع کے ریجنل ڈائریکٹر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انڈسٹری سٹی میں قائم پرنٹر کی سیاہی تیار کرنے والے کارخانے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بتایا کہ جدہ کے صنعتی علاقے کے ایک کارخانے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو حکام کو روانہ کیا گیا۔شہری دفاع اور مکہ گورنریٹ کے مطابق آگ لگنے کے مقام پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں، جنہوں نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔متاثرہ مقام پر کھڑی گاڑیوں کو شہری دفاع کے فائر فائٹنگ یونٹ نے احتیاط کے طور پر وہاں سے دور منتقل کروایا۔ریسکیو ادارے نے آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اطراف میں مخصوص فوم کا اسپرے کیا، آگ سے بلند ہونے والے شعلے اور دھواں دور سے دکھائی دے رہا تھا۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا۔