جھارکھنڈ کے وزیر عالمگیر عالم چھ دن کے لیے ای ڈی ریمانڈ پر

تاثیر،۱۵       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 16 مئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو ٹینڈر کمیشن گھوٹالے میں گرفتار دیہی ترقی کے وزیر عالمگیر عالم کو طبی معائنے کے بعد عدالت میں پیش کیا۔ انہیں ای ڈی کے خصوصی جج پی کے شرما کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد ای ڈی کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شیو کمار نے عدالت سے عالمگیر عالم کو دس دن کے ریمانڈ پر لے جانے اور ان سے پوچھ گچھ کرنے کی اجازت طلب کی۔ عالمگیر عالم کے وکیل نے اس کی مخالفت کی۔ جس کے بعد عدالت نے چھ روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے وزیر عالمگیر عالم کو جمعرات کو عدالتی حراست میں ہوٹوار کی برسا منڈا سنٹرل جیل بھیج دیا۔ ای ڈی عالمگیر عالم کو ریمانڈ پر لے کر جمعہ سے پوچھ گچھ شروع کرے گی۔ یہ جانکاری ای ڈی کے وکیل نے دی۔
پیشی کے موقع پر عدالت کے احاطے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ پیشی کے دوران عدالت کے احاطے میں عالمگیر عالم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے دو دن کی پوچھ گچھ کے بعد بدھ کو وزیر عالمگیر عالم کو گرفتار کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 5 مئی کو ای ڈی نے ٹینڈر کمیشن گھوٹالے میں وزیر عالمگیر کے پی ایس سنجیو لال اور ان کے نوکر جہانگیر اور دیگر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس مدت کے دوران، ای ڈی نے سنجیو لال کے نوکر جہانگیر اور بلڈر منا سنگھ کے احاطے سے کل 35.23 کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کی تھی۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے عالمگیر عالم کے پی ایس سنجیو لال اور ان کے نوکر جہانگیر عالم کو 5 مئی کی دیر رات گرفتار کر لیا۔