جے پور کے مشہور اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں سے دہشت

تاثیر،۱۳       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پولیس انتظامیہ الرٹ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ سکواڈ اور پولیس نے سرچ آپریشن کیا

جے پور، 13 مئی: دارالحکومت جے پور میں پیر کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب یہ اطلاع سامنے آئی کہ شہر کے ایک درجن معروف اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ دھمکی اسکولوں کی آفیشل آئی ڈی پر بھیجی گئی ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولس انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ای میل بھیجنے والے کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم پولیس کی تفتیش میں اب تک کوئی بم جیسی چیز نہیں ملی ہے۔جے پور کے پولس کمشنر بیجو جارج جوزف نے بتایا کہ دارالحکومت جے پور کے مشہور مہیشوری اسکول، تلک نگر، ودیا آشرم اسکول، او ٹی ایس اسکوائر، سینٹ ٹریسا اسکول، نیوارو روڈ، مہارشی پی جی کالج، ٹونک روڈ، سانگانیر ایم جی پی ایس، ودیادھر نگر مالویہ کانوینٹ اسکول۔ مالویہ نگر وارن اکیڈمی، مہیش نگر سنسکار اسکول، ویشالی نگر جے پوریہ اسکول، بجاج نگر مہیشوری پبلک اسکول، پرتاپ نگر، دی پیلس اسکول، جئے شری پیڈیوال اسکول، چترکوٹ کو پیر کو بم کی دھمکی دینے والی ای میل بھیجی گئی ہے۔ دھمکی ملنے کے بعد پولیس کی ٹیمیں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ اسکول پہنچ گئیں۔ اسکول کے احاطے سے طلباء اور عملے کو نکال کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ای میل بھیجنے والے کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ آج جے پور بم دھماکوں کی 17ویں برسی ہے۔ اسی دن یعنی 13 مئی 2008 کی شام کو دہشت گردوں نے شہر کے پارکوٹہ علاقے میں دو مندروں سمیت چھ مقامات پر آٹھ بموں کے سلسلہ وار دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں میں 71 افراد ہلاک اور 181 زخمی ہوئے تھے۔