حجاب لڑکیوں کی اعلی تعلیم میں کبھی رکاوٹ نہیں رہا : تسلیم سلطانہ

تاثیر،۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد(راست) تعلیم ہی کے ذریعہ ترقی کے زینے طئے کئے جاسکتے ہیں اور قوم اپنے آنے والی نسل کو شعور وآگہی سے بہرہ مند کرسکتی ہے۔طلباء و طالبات کو چاہئے کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کو یقینی بنائیں۔ حجاب کبھی بھی لڑکیوں کی اعلی تعلیم میں رکاوٹ نہیں رہا ہے اور باحجاب لڑکیوں نے کئی امتحانات میں بہترین رینک حاصل کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار تسلیم سلطانہ (پرنسپل نیو دکن کالج فار گرلز اینڈ بوائز واقع نیو سنتوش نگر کالونی) نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ رینک حاصل کرنے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی نگرانی محمد بشیرالدین ڈائرکٹر و کرسپانڈنٹ نے کی۔ اکیڈیمک کوآرڈینیٹر نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوے تعلیمی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کئی طالبات نے بہترین مظاہر ہ کرتے ہوے ٹاپ رینک حاصل کیا ہے۔ محمد بشیر الدین کرسپانڈنٹ نے بالخصوص طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے کمیونکیشن اسکلس پر کام کریں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کریں، کیونکہ آج کے اس مسابقتی دور میں انٹرمیڈیٹ یا پھر گریجویشن کی کوئی اہمیت نہیں ہے بلکہ پوسٹ گریجویشن اور اسکلس کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ محنت اور جستجو ہی سے منزلیں طئے کی جاسکتی ہیں اور آج کے سائنس و ٹکنالوجی کے اس دور میں اپنے آپ کو منوانے کے لئے کچھ کر گزرنا ہوگا۔پرنسپل تسلیم سلطانہ نے شاندار نتائج پر اساتذہ، اولیائے طلبہ اوروالدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلبہ کومشورہ دیا کہ سوشیل میڈیا سے دوری اختیار کریں کیونکہ تعلیم و ترقی کی راہ میں یہ ایک رکاوٹ بناہواہے، اس بات کا ثبوت مسابقتی امتحانات میں رینک حاصل کرنے والوں سے لیا جاسکتا ہے، جنہوں نے اٹھارہ گھنٹے سوشیل میڈیا سے دور رہتے ہوئے صرف تعلیم پرتوجہ مرکوز کی۔ انہوں نے طلبہ کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین، سرپرستوں اور اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے طلبہ کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ٹاپ اور بہترین رینک حاصل کرنے والوں کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔ آخر میں طلبہ کونسلر نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ اداکیا۔