حج تربیتی کیمپ میں بتائے گئے مناسک حج کے آداب

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

 مقصد حج تاحیات نظر کے سامنے رہے اور خوشنودی رب اور فلاح آخرت ہی اصل مقصود ہو: مولانا رضوان احمد
پٹنہ:  4 مئی، :بہار ریاستی حج کمیٹی اور جماعت اسلامی ہند بہار کے مشترکہ زیر اہتمام مسجد مرکز اسلامی میں سنیچر کو یک روزہ حج تربیتی کیمیپ کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین سمیت تقریباً ڈیڑھ سو عازمین حج نے شرکت کی۔ اس موقع ریاستی حج کمیٹی کے سی ای او جناب راشد حسین نے سفرحج سے متعلق مختلف دشواریوں اوران کے حل سے متعلق نکات کوتفصیل سے بیان کیا۔ انہوںنے کہا کہ جیسے ہی فلائٹ کا شیڈیول آ جائے گا ، اس کی اطلاع مختلف ذرائع سے بروقت عازمیں حج کو دے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین کا سفر 9مئی سے شروع ہوگا تاہم گیا سے 26 مئی سے پروازیںشروع ہوںگی۔ سی ای او نے اس موقع پربتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حج بھون سے مناسب کرایہ پر بس پولس اسکورٹ میں گیا ایرپورٹ کے لئے روانہ ہوگی۔ ساتھ میں عازمین حج کے عزیز و اقارب بھی جا سکیں گے۔
اس سے قبل جماعت اسلامی ہند بہارکے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے حج اور مناسک حج پر تفصیل اور وضاحت کے ساتھ روشنی ڈالی ۔ سفر حج کو زیادہ سے زیادہ با مقصد اور خدا کی خوشنودی حاصل کرنے پر انہوں نے زور دیا۔ مولانا نے کہاکہ حج حاجیوں کے گناہوںکو دھو دیتا ہے لیکن اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ حج کے بعد چاہئے کہ ہم تاحیات اس کا تحفظ کرتے رہیں اور اپنی پوری زندگی کو اپنے رب کی خوشنودی اور فلاح آخرت کا ذریعہ بنائیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ اس سفر کو بوجھل بنانے اور دوسری مصروفیا ت میں گزارنے سے بہتر ہے کہ ہم ایک ایک لمحہ اس سے استفادہ کریں۔ عازمین جس وقت حج کی نیت کرتا ہے ، اسی وقت سے وہ حج کے عمل میں داخل ہو جاتا ہے۔ لہذا اسے زیادہ سے زیاہ سودمند بنانے کی طرف عازمین کی توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حج یا اسلام کا کوئی عمل محض رسم نہیں ہے، بلکہ وہ اعلیٰ و ارفع مقصدکا حامل ہوتا ہے۔ لہذا آپ اگر طواف کعبہ کررہے ہوںتو آپ تاحیات اللہ اور مرضی الٰہی کے ارد گرد طواف کرنے کا عزم لے کر لوٹیں۔ اسی طرح صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرتے ہوئے بھی یہ جذبہ پیدا ہونا چاہئے کہ ہم اپنے ملک اور علاقے میں اقامت دین اور دعوت دین کی سعی کریں۔ رمی جمرات سے یہ سبق لے کر لوٹنا چاہئے کہ ہم اپنے اندرون اور بیرون کے شیطان کو سنگسار کریں گے۔
امیر حلقہ نے زور دے کر کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے مہمانوں کی قدر دانی کرنا خوب جانتا ہے۔ اس پر ایمان راسخ ہونا چاہئے۔
تربیتی کمیپ کے دوران جناب اختر عادل گیلانی نے حج کے عملی طریقے پر تقریباً سوا گھنٹے تک انتہائی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے سفر کی ابتدا ، اس کی تیاری،ایمیگریشن، پرواز کی نزاکت و احتیاط سے لے کر مکہ مدینہ میں قیام، وہاں کے ایک ایک لمحے کا استعمال اور مناسک حج سے متعلق تمام امور پر اظہار خیال کیا۔ حتی کہ احرام باندھنے کے سلیقہ، حاجیوں کو دئے جانے والے آئی ڈی کارڈ،کلائی پر باندھے جانے والے کڑے اور دوسرے کاغذات کے نمونے بھی دکھائے اور ان کے تحفظ کا بھی مشورہ دیا۔
پروگرام کا آغاز جناب غلام سرور ندوی کے تلاوت قرآن مع ترجمہ سے ہوا۔ جماعت اسلامی بگ سیٹی پٹنہ کے ناظم شہر جناب لئیق الزماں نے مہمانوں کا پرزور استقبال کیا اور پروگرام کا مقصد بیان کیا۔ امیر مقامی پٹنہ سنٹرل جناب محمد شہزاد نے اظہار تشکر کیا جبکہ امیر مقامی پٹنہ ویسٹ جناب نسیم احمد نے پروگرام کی نظامت کی۔اخیر میں امیر حلقہ کی روح پرور دعا کے ساتھ تربیتی کیمپ کا اختتام ہوا۔