دہلی ایکسائز گھوٹالہ: عدالت نے ملزم وکیل ونود چوہان کو تین دن کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا

تاثیر،۴       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،4مئی:دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں گرفتار ملزم وکیل ونود چوہان کو تین دن کے لیے ای ڈی کی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ خصوصی جج کاویری باویجا نے یہ حکم دیا۔
ونود چوہان کو کل یعنی 3 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پیشی کے بعد ای ڈی نے ونود چوہان کی چار دن کی تحویل کا مطالبہ کیا تھا۔ الزام ہے کہ کے کویتا کے پرسنل سکریٹری اشوک کوشک نے ونود چوہان کو پیسوں سے بھرا بیگ دیا تھا۔ ونود چوہان نے گوا انتخابات کے لیے یہ رقم حوالہ کے ذریعے عام آدمی پارٹی کو بھیجی تھی۔ ای ڈی نے کہا کہ ونود چوہان سے 1.06 کروڑ روپے ضبط کیے گئے تھے اور ونود چوہان کو معلوم تھا کہ یہ رقم دہلی شراب گھوٹالہ سے آئی ہے۔اس معاملے میں ای ڈی کی طرف سے یہ 18ویں گرفتاری ہے۔ اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کو سپریم کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی عدالتی حراست میں ہیں۔ سپریم کورٹ ان کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کر رہی ہے۔ 3 مئی کو سپریم کورٹ نے کیجریوال کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کر سکتی ہے۔اس معاملے میں سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا عدالتی حراست میں ہیں۔ سسودیا کی ضمانت کی درخواست سپریم کورٹ نے مسترد کر دی ہے، جس کے بعد انہوں نے راؤز ایونیو کورٹ میں دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے 30 اپریل کو سسودیا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس کے بعد سسودیا نے دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ نے سسودیا کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ای ڈی اور سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے۔