دہلی: بے بی کیئر سینٹر آتشزدگی کیس میں دونوں ڈاکٹروں کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا

تاثیر،۳۰       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30 مئی:دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ نے وویک وہار بیبی کیئر سینٹر آتشزدگی کیس کے دو ملزمین کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ آج ان دونوں کی پولیس حراست ختم ہو رہی تھی جس کے بعد دونوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔آج اس معاملے کے ایک ملزم ڈاکٹر آکاش نے ضمانت کی درخواست دائر کی، جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ڈاکٹر آکاش کی درخواست ضمانت پر اگلی سماعت 3 جون کو ہوگی۔27 مئی کو کڑکڑڈوما کورٹ نے دونوں ملزمین کو آج تک پولس حراست میں بھیج دیا تھا۔ 25 مئی کو وویک وہار بے بی کیئر سنٹر میں آگ لگ گئی، جس میں سات بچوں کی موت ہو گئی۔ اس ہسپتال میں 12 معصوم بچے داخل تھے۔ آگ لگنے پر پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ، اسپتال، عملہ اور عام لوگوں نے کسی طرح تمام 12 بچوں کو اسپتال کی عمارت کے عقب میں موجود کھڑکی سے باہر نکالا۔
اس واقعے کے بعد دہلی پولیس نے اسپتال کے مالک ڈاکٹر نوین کیچی اور ایک ڈاکٹر آکاش کو گرفتار کرلیا۔ دہلی پولیس نے نوین کیچی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 336 اور 304 اے کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ڈاکٹر آکاش کے پاس بی اے ایم ایس کی ڈگری ہے۔ اسپتال چلانے کے لیے ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود اسپتال کے مالک ڈاکٹر نوین کیچی نے آیورویدک ڈاکٹر آکاش کی خدمات حاصل کی تھیں۔دہلی پولیس کے مطابق اس اسپتال کو صرف پانچ بستروں کی اجازت تھی لیکن یہ اسپتال 12 بستروں کے ساتھ چلایا جارہا تھا۔ تحقیقات کے دوران ہسپتال کے احاطے میں آگ بجھانے والا ایک بھی سلنڈر نہیں ملا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کا گیٹ بھی نہیں بنایا گیا۔ ہسپتال کا لائسنس بھی ختم ہو چکا تھا۔