دہلی شراب گھوٹالہ میں کے کویتا کی درخواست ضمانت مسترد

تاثیر،۶       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 06 مئی: دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ کی خصوصی جج کاویری باویجا نے بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے کویتا کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی پر 24 اپریل کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔اس سے قبل 8 اپریل کو عدالت نے کویتا کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ سماعت کے دوران ای ڈی نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس میں کے۔ کویتا کو ضمانت دینے میں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی کیونکہ وہ ایک خاتون ہیں۔ سماعت کے دوران کویتا کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے ای ڈی پر الزام لگایا تھا کہ یہ تحقیقاتی ایجنسی نہیں بلکہ ہراساں کرنے والی ایجنسی بن گئی ہے۔ سنگھوی نے کہا تھا کہ اس معاملے میں تحقیقات مکمل طور پر جانبدارانہ رہی ہیں۔کی کویتا فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔ ا نہیں بھی 11 اپریل کو سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی کے مطابق دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں کویتا بھی اس سازش میں شامل تھی۔ اس سے پہلیکے کویتا ایکسائز اسکام کیس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حراست میں تھیں۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں کے کویتا سے 6 اپریل کو عدالتی حراست میں پوچھ گچھ کی تھی۔ 5 اپریل کو عدالت نے سی بی آئی کو کے۔ کویتا سے عدالتی حراست میں پوچھ گچھ کی اجازت دی گئی۔
ای ڈی نے کویتا کو پوچھ گچھ کے لیے دو سمن بھیجے تھے لیکن کویتا نے انہیں نظر انداز کر دیا اور پیش نہیں ہوئی۔ اس کے بعد انہیں 15 مارچ کو حیدرآباد سے ایک چھاپے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کے مطابق، 33 فیصد منافع کویتا کو پہنچا۔ ای ڈی کے مطابق کویتا شراب کے تاجروں کی لابی ساؤتھ گروپ سے وابستہ تھیں۔