دہلی پولیس چھٹی سے 12ویں جماعت کے بچوں کو سیلف ڈیفنس کی خصوصی تربیت دے گی

تاثیر،۱۱       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی،11مئی:قومی دارالحکومت نئی دہلی کے اسکولوں میں جلد ہی گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔ بچے اور ان کے والدین گرمیوں کی چھٹیاں منانے کے لیے مختلف طریقوں سے تیاریاں کرنے میں مصروف ہیں۔اس دوران دہلی پولیس نے چھٹیوں کے دوران بچوں کو کچھ نیا سکھانے اور انہیں آگاہ کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دہلی پولیس نے چھٹی سے بارہویں جماعت کے بچوں کو سائبر سیکورٹی، فائر سیفٹی، ابتدائی طبی امداد، روڈ سیفٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سی پی آر کی تربیت فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔اس کے لیے دہلی پولیس نے 15 مئی سے 31 مئی تک آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔یہ پروگرام 10 جون سے شروع ہو گا: دلچسپی رکھنے والے والدین اپنے بچے کو اس ٹریننگ کے لیےhttps://forms.gle/upzqjfdpqkepd7
پر جا کر رجسٹر کر سکتے ہیں۔یہ تربیتی پروگرام دہلی پولیس 10 جون سے 28 جون تک چلائے گی۔ اس میں پہلے آئیے پہلے پائیں کی بنیاد پر پہلے بیچ کے لیے 200 بچوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بنائے گئے ٹریفک ٹریننگ پارکس کو دہلی پولیس نے ٹریننگ کے لیے منتخب کیا ہے۔یہ ٹریننگ بابا کھرگ سنگھ مارگ پر واقع پنجابی باغ، روشنارا باغ، ٹریفک ٹریننگ پارک اور بال بھون میں دی جائے گی۔ پہلی کھیپ 10 جون سے 17 جون تک، دوسری کھیپ 17 جون سے 21 جون تک اور تیسری کھیپ 24 جون سے 27 جون تک ہوگی۔