دہلی ہائی کورٹ نے منیش سسودیا کی ضمانت عرضی پر ای ڈی اور سی بی آئی سے 13 مئی تک جواب طلب کیا

تاثیر،۸       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 8 مئی: دہلی ہائی کورٹ نے ای ڈی اور سی بی آئی کو دہلی ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر 13 مئی تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔سماعت کے دوران ای ڈی کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل زوہیب حسین نے جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا۔ اس کے بعد جسٹس سورن کانتا شرما کی بنچ نے چار دن کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے ای ڈی اور سی بی آئی کو 3 مئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے سسودیا کو حکم دیا تھا کہ وہ ٹرائل کورٹ کے حکم کو جاری رکھیں جس میں انہیں ہفتے میں ایک بار اپنی بیوی سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔30 اپریل کو راؤز ایونیو کورٹ نے سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ درج کیس میں سسودیا کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ سسودیا نے اس حکم کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ راؤز ایوینیو کورٹ میں سماعت کے دوران ای ڈی نے سسودیا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی تھی۔سماعت کے دوران ای ڈی نے کہا تھا کہ سیسودیا کے وکیل مقدمے میں تاخیر کی وجہ سے ہی ضمانت کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ اس کے لیے انہیں حلف نامہ داخل کرنا چاہیے، کیونکہ اس معاملے میں بڑی تعداد میں علیحدہ درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ مقدمے کی سماعت سست رفتاری سے چل رہی ہے۔6 اپریل کو عدالت نے سسودیا کی عدالتی حراست میں 18 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔ ای ڈی نے 9 مارچ 2023 کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے بعد سیسودیا کو تہاڑ جیل سے گرفتار کیا تھا۔ سسودیا کو اس سے قبل سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو گرفتار کیا تھا۔