روس: خواتین کیلئے شہریت کے قوانین میں نرمی

تاثیر،۳       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ماسکو، 02 مئی:روس نے اپنے شہریت کے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے شہریت کی درخواست دینے والی غیر ملکی خواتین کو دستاویزات کے لیے باحجاب تصاویر جمع کرانے کی اجازت دے دی۔روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت داخلہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے قانون کا اطلاق 5 مئی سے ہوگا جس کے تحت شہریت کی درخواست دینے والی خواتین باحجاب اپنی تصاویر بمہ ضروری دستاویزات جمع کراسکیں گی۔روسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایسی تمام درخواست گزار خواتین جن کے مذہبی عقائد انہیں اجنبیوں کے سامنے سر ڈھانپے بغیر آنے سے روکتے ہیں، وہ اپنی اسکارف والی تصاویر جمع کراسکتی ہے۔جاری کردہ بیان میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ درخواست کے ساتھ فراہم کی گئی تصاویر میں چہرہ چھپا ہوا نہیں ہونا چاہیے اور ایسی تصاویر جن میں درخواست گزار کی ٹھوڑی مکمل یا جزوی ڈھکی ہوئی ہو وہ تصاویر بھی ناقابل قبول ہوں گی۔خیال رہیکہ روسی خواتین کو پہلے ہی سرکاری دستاویزات جیسے پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ورک پرمٹ وغیرہ کے لیے باحجاب تصاویر استعمال کرنیکی اجازت ہے۔تاہم روسی حکام کا کہنا ہیکہ نئے قوانین درخواست گزاروں کو اپنے مذہبی عقائد پر عمل کرنے کی اجازت دینے کے ساتھ ریاست کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے۔