سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں

تاثیر،۳       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ریاض ،02مئی:سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے شہری علاقوں کے علاوہ صحرائی وادیاں بھی پانی سے بھر گئیں۔گزشتہ کچھ دنوں پہلے ایسے ہی حالات متحدہ عرب امارات میں بھی نظر آئے تھے جہاں زبر دست اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے جگہ جگہ سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی ۔عرب میڈیا کے مطابق ریاض، الخرج، القصیم، بریدہ، دمام، الخبر، الاحساء ، الجبیل اور دیگر علاقوں میں تیز بارشیں ہوئی ہیں۔شہروں کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جبکہ کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق بارش کا پانی کاروباری مراکز میں بھی داخل ہوا جبکہ خراب موسم کے باعث کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔سعودی ٹریفک پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر اور صحرائی وادیوں میں جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز تک موسم غیر یقینی رہے گا۔